محبوبہ نے گپکار رہائش گاہ خالی کردی،کھمبر میں بہن کے نجی مکان میں منتقل

نیوز ڈیسک

سری نگر// سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی پیر کو سرکاری گپکار رہائش گاہ چھوڑ کر ایک نجی گھر میں منتقل ہو گئیں۔
خبر رساں ادارے کشمیر نیوز آبزرور (کے این او)نے پی ڈی پی ترجمان نجم الثاقب کا حوالہ دیکر کہا کہ محبوبہ مفتی نے آج گپکار رہائش گاہ خالی کر دی ہے اور وہ کھمبر علاقے میں اپنی بہن کی ایک نجی رہائش گاہ میں منتقل ہو گئی ہیں۔
جموں و کشمیر انتظامیہ نے محبوبہ مفتی سے سری نگر کے ہائی پروفائل گپکار روڈ پر واقع سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کو کہا تھا اور کہا تھا کہ وہ متبادل رہائش فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
محکمہ جائیداد نے 15 اکتوبر کو پی ڈی پی سربراہ کو ایک نوٹس بھیجا تھا جس میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ سرکاری رہائش گاہ خالی کر یں جسے اب “فیئر ویو گیسٹ ہاؤس” کے نام سے جانا جاتا ہے۔