کرناہ کی گھنڈی گجراں سڑک خستہ حال، لوگوں کو مشکلات درپیش

اشفاق سعید

سرینگر // کرناہ کے گھنڈی گجراں سے گھنڈی سیداں سڑک کی حالت حالیہ بارشوں کے بعد انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل نہیں ہے۔
گھنڈی گجراں کے لوگوں نے بتایا کہ گھنڈی گجراں کے مریض گھروں میں محصور ہیں کیونکہ جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو یہ سڑک گاڑیوں کے چلنے کے لائق نہیں رہتی اور زیادہ تر مریضوں کو چارپائی پر اٹھا کر ہسپتالوں تک لیجانا پڑتا ہے۔ جبکہ سکولی بچوں کو پیدل یا پھر کندھوں پر اٹھا کر سکولوں تک پہنچایا جاتا ہے، لیکن محکمہ تعمیرات عاملہ سڑک کو بہتر کرنے اور اس پر پیدا ہوئی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔

تازہ ترین خبروں کیلئے وہاٹس ایپ چینل فالو کریں
لوگوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کے نتیجے میں ملازم اپنی گاڑیاں نہیں چلا سکتے ہیں اور نتیجے کے طور پر وہ دیر سے ڈیوٹی پر پہنچتے ہیں۔
علاقے کے لوگوں نے کہا کہ انہوں نے متعدد بار حکام کو اس تعلق سے آگاہ کیا کہ سڑک کو بہتر بنانے کےلئے کوئی کارروائی عمل میں لائی جائے لیکن محکمہ صرف زبانی جمع خرچ سے کام لیکر لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کپواڑہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کو ٹھیک کرنے کےلئے فوری اقدام کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔