اننت ناگ میں آتشزدگی سے دارالعلوم کی عمارت، تین رہائشی مکانوں کو نقصان

File Photo

عارف بلوچ

اننت ناگ// جنوبی ضلع اننت ناگ میں اتوار کی شام آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں دارالعلوم اور تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ادارہ تحقیقات اسلامیہ کی عمارت میں موجود ہزاروں کتابیں بھی خاکستر ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ میں اتوار کی شام ادارہ تحقیقات اسلامیہ کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے آنا ًفاناً عمارت کو پوری طرح سے لپیٹ میں لے لیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دارالعلوم کی اوپری منزل اور مزید تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اتوار کی شام ادارہ تحقیقات اسلامیہ کی عمارت سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پرپہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ سات فائر ٹینڈروں اور دو انجنوں کی مدد سے آگ پر قابوپایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دارالعلوم کی اوپری منزل اور مزید تین مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔