پائین شہر میں آتشزدگی، 4 مکان خاکستر، 3 افرد زخمی

File Photo

سری نگر//جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے گنجان آبادی والے علاقے پتلی پورہ چھتہ بل میں آگ کی ایک واردات کے دوران چار مکان خاکستر ہوئے جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر مین سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس واردات کے دوران لاکھوں روپیہ مالیت کی گھریلو اشیاءراکھ کے ڈھیر میں تبدیل، نصف درجن کنبے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ اتوار صبح دس بجے کے قریب شہر خاص کے گنجان آبادی والےعلاقے پتلی پورہ چھتہ بل میں رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید تین مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرچہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران چار مکان پوری طرح سے خاکستر ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کا سازاو سامان بھی تباہ ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آگ کی اس واردات کے دوران حفیظہ ، ریاض احمد بٹ ، شبیر احمد بٹ سمیت چار افراد کے رہائشی مکان خاکستر ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ حفیظہ نامی خاتون کے رہائشی مکان میں موجود طلائی زیورات بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ چھتہ بل کے پتلی پورہ میں اتوار کی صبح آگ نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹینڈر جائے موقع پر پہنچے۔
انہوں نے کہاکہ گنجان آبادی کے باوجود بھی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم گیس سلنڈر پھٹ جانے سے آگ نے شدت اختیار کی۔
اُن کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر سروس کے انچارج، خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آگ کی اس واردات کے دوران تین مکان خاکسترہوئے جبکہ ایک کو جزوی طورپر نقصان پہنچا۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔