سرینگر میں آتشزدگی سے شاپنگ کمپلیکس کو نقصان

File Photo

یو این آئی

سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے چوٹہ بازار کنہ کدل علاقے میں آتشزدگی کی ایک واردات میں شاپنگ کمپلیکس کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چوٹہ بازار کنہ کدل میں اتوار کے روز اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب شاپنگ کمپلیکس کی اوپری منزل سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناًفاناً عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں شاپنگ کمپلیکس کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اتوار بارہ بجکر 38منٹ پر چوٹہ بازار کنہ کدل سرینگر میں شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر ٹینڈرز جائے موقع پر پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ آٹھ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔