شکسگام وادی میں تعمیراتی سرگرمیوں پر بھارت نے چین کے ساتھ احتجاج درج کیا

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

نئی دہلی// بھارت نے چین کے ساتھ شکسگام وادی میں زمینی حالات کو بدلنے کی ایک “غیر قانونی” کوشش میں تعمیراتی سرگرمیاں کرنے پر سخت احتجاج درج کرایا ہے۔
وزارت خارجہ (ایم ای اے) کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات کو کہا کہ شکسگام وادی بھارت کا حصہ ہے اور نئی دہلی نے 1963 کے نام نہاد چین پاکستان سرحدی معاہدے کو کبھی بھی قبول نہیں کیا جس کے ذریعے اسلام آباد نے “غیر قانونی طور پر” اس علاقے کو بیجنگ حوالے کرنے کی کوشش کی۔
اُنہوں نے مزید کہا، “ہم نے مستقل طور پر اس کو مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے”۔
جیسوال نے اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم نے زمینی حقائق کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں کے خلاف چین کے ساتھ اپنا احتجاج درج کرایا ہے۔
انہوں نے کہا ، “ہم اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں”۔
شکسگام وادی تزویراتی لحاظ سے ایک اہم خطہ ہے جو پاکستان زیر قبضہ جموں و کشمیر (PoJK) کا حصہ ہے۔