بھارت جوڑو یاترا کی سکیورٹی میں کوئی چوک نہیں ہوئی:پولیس

سری نگر//جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کے روز راہول گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا کے کشمیر میں داخل ہونے کے دوران سیکورٹی میں چوک کے الزامات کو مسترد کردیا۔
کشمیر زون پولیس نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ یاترا کے روٹ کی طرف صرف مجاز افراد کو ہی جانے کی اجازت دی گئی تھی جن کی منتظمین نے شناخت کی تھی۔
پولیس نے کہا، “بھارت جوڑو یاترا کے منتظمین اور مینیجرز نے بانہال سے یاترا میں شامل ہونے والے بڑے اجتماع کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی تھی”۔
پولیس نے بیان کہا،” سی اے پی ایف ،جموں وکشمیر پولیس بشمول آر پی اوز اور کیو آرٹی، روٹ ڈومینیشن کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا وہیں مختلف مقامات پر تعینات سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا ۔
پولیس نے مزید کہا،”منتظمین کے ذریعہ 1کلومیٹر یاترا کے انعقاد کے بعد یاترا کو روکنے کے بارے میں کوئی فیصلہ لینے سے پہلے جموں وکشمیر پولیس سے مشورہ نہیں کیا گیا تھا۔ باقی یاترا پرامن طور پر جاری رہی۔ سیکورٹی میں کوئی چوک نہیں ہوئی۔ ہم فول پروف سیکورٹی فراہم کر رہے ہیں”۔