زیرِ حراست صحافی کا قریبی ساتھی بھی چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار

File Photo

یو این آئی

سری نگر//جموں وکشمیر پولیس نے عصمت دری، بھتہ خوری اور بلیک میلنگ کے الزام میں گرفتارنام نہاد بدکردار صحافی کے ساتھی کوبھی دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
بتادیں کہ سری نگر پولیس نے گزشتہ دنوں دوشیزہ کی شکایت پر ایک نام نہاد درندہ صفت صحافی ندیم احمد گنائی عرف ندیم ناڈو ولد مختیار احمد گنائی ساکن قاضی باغ اننت نا گ کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے خلاف عصمت دری، بھتہ خوری اور بلیک میلنگ کا کیس درج کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سری نگر پولیس نے بدکردار صحافی کے ساتھیوں کی بھی تلاش شروع کی جو بلواسط یا بلاواسط طور پر اس حساس کیس کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے درمیانی شب اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں چھاپہ ماری کارروائی کے دوران ندیم ناڈو کے ساتھی کی گرفتاری عمل میں لائی ۔
گرفتارشخص ندیم ناڈو کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ دوشیزہ نے بھی ندیم ناڈو کے ساتھی کے بارے میں بھی اپنی تحریری شکایت میں ذکر کیا ہے۔
ذرائع نے مزید گرفتاریوں کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔
دریں اثنا عوامی حلقوں نے قانون نافذ کرنے والے ادارے پر زور دیا ہے کہ بد کردار صحافی کی جائیداد کے بارے میں بھی پتہ لگانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ بلیک میلنگ کے ذریعے جائیداد بنانے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
علاوہ ازیں سری نگر پولیس کی اس کارروائی کی بڑے پیمانے پر سراہنا کی جارہی ہے کیونکہ ایسے افراد نے ہی صحافت کے پیشے کو بدنام کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
صحافتی برادری پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنا محاسبہ کریں اور دیکھیں کہ اُن کے صفوں میں ایسے نام نہاد صحافی تو گھس نہیں آئے ہیں جو شکم سیری کے عوض صحافت کے مقدس پیشے کو بدنام کر رہے ہیں۔