ملی ٹینٹ مخالف کاروائیوں کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے: وجے کمار

اونتی پورہ// ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے پولیس آفیسران پر زور دیا کہ ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اے ڈی جی پی وجے کمار نے اتوار کے روز ضلع پولیس لائنز اونتی پورہ میں سیکورٹی منظر نامے، جنگجو مخالف آپریشن اور انسداد منشیات مہم کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
انہوں نے پولیس اور سیکورٹی فورس کو اس بات کے لئے سراہنا کی جس کے تحت انہوں نے ملی ٹینسی کے خلاف زبر دست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پولیس ترجمان نے کہا، “میٹنگ کے دوران، اے ڈی جی پی نے مجموعی سیکورٹی صورتحال اور ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری حاصل کی”۔
انہوں نے آفیسران پر زور دیا کہ ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔
اے ڈی جی پی نے کہاکہ جنوبی کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ آپسی تال میل کو یقینی بنائیں۔
انہوں آفیسران کو احکامات جاری کئے کہ جنوبی کشمیر میں ملی ٹینٹ سہولیت کاروں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ ان کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
ڈی آئی جی سینٹرل اور ڈی آئی جی جنوبی کشمیر نے اے ڈی جی پی کو متعلقہ اضلاع کے بارے میں موجودہ سیکورٹی انتظامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔