کپوارہ میںدھان کی پنیری لگانے میں 15دن کی تا خیر ۔40ہزار ہیکٹراراضی ویران ،کسان تشویش میں مبتلا

 اشرف چراغ

کپوارہ// کپوارہ ضلع میں حالیہ موسمی صورتحال کی وجہ سے قریب 40ہزار ہیکٹر اراضی ویرانی کے مناظر پیش کر رہی ہے جس میں 17ہزار ہیکٹر پردھان،16ہزار پرمکئی ،5ہزار پر سبزی اور1500پر آلو کی فصل اگائی جاتی ہے تاہم امسال موسم کی مسلسل خرابی کی وجہ سے دھان کی پنیری لگانے میں 15روز کی تا خیر ہوگئی جبکہ مکئی کی فصل بارشو ں کی وجہ سے خراب ہوگئی ۔ حالیہ تباہ کن ژالہ باری نے سبزی کی فصل کو پوری طرح سے تباہ کر دیا ہے ۔

 

 

 

موسم بہار شروع ہونے کے ساتھ ہی زمینداری کا سیزن شروع ہوتا ہے اور کسان باغات اورکھیتو ں میں کام میں مصروف نظر آتے ہیں لیکن امسال پورے ضلع میںابھی وہ چہل پہل نہیں ہے ۔ضلع کے لولاب ،گلگام ،لدرون ،زرہامہ اور دیگر علاقوں میں مئی کی 15تاریخ سے دھان کی پنیری لگانے کا کام شروع ہوتا ہے لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے ابھی ان علاقوں میں پنیری لگانے کا شروع نہیں ہوا کیونکہ بارشو ں اور ژالہ باری نے دھان کی پنیری کو زبردست نقصان پہنچایا ہے ۔اس سلسلے میں کئی کسانوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ابھی تک کسی بھی علاقہ سے پنیری لگانے کی اطلاع مو صول نہیںہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مارچ سے اب تک 5بار میوہ با غات میں دوا پاشی کی جس کی وجہ سے اس سال اچھی فصل اگانے کی امید تھی لیکن حالیہ تباہ کن ژالہ باری نے سب کچھ تباہ کر دیا گویا ہماری ساری محنت پر پانی پھیر دیا ۔ضلع کے متعدد علاقوں میں کسان موسم ٹھیک ہونے کے لئے نظر ونیازکر رہے ہیں تاکہ وہ زمینداری شروع کر سکیں ۔اس دوران محکمہ زراعت کپوارہ نے کسانو ں سے کہا کہ وہ سرکار کی طرف سے جاری کردہ فصل بیمہ یوجنا سکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دھان اور مکئی کی فصل کا بیمہ کرائیں تاکہ اگر ان فصلو ں کو کوئی بھی نقصان پہنچ جائے گا تو ان کو اس نقصان کا بھر پور معاوضہ ادا کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ کسان اس سکیم کا فائدہ اٹھائیں اور اگر کوئی بھی ان فصلو ں کو بیمہ کرنا چاہتے ہیں تو دھان کی فصل کو ایک سال کیلئے 84اور مکئی کی فصل کو ایک سال کیلئے 60روپے بیمہ کرنا ہے تاکہ نقصان ہونے کے پیش نظر ان کو بھر پور معاوضہ دیا جائے گا ۔