کرگل میں برفانی تودہ گرا،2لڑکیاں زندہ دفن | 9اضلاع میں تودے گرآنے کی وارننگ،جموں کشمیر میں برفباری کی پیش گوئی

غلام نبی رینہ+اشفاق سعید
کنگن+سرینگر//کرگل ضلع کے ٹنگول پانی کھر علاقے میں ایک بھاری برفانی تودہ گرآنے کے نتیجے میں دو کم عمرلڑکیاں زندہ دفن ہوگئیں۔ ٹنگول پانی کھر میں اتوار کی صبح اس وقت کہرام مچ گیا جب پانچ کلو میٹر دوری پر واقع ٹنگول نامی گاؤں کے نزدیک ایک بھاری برکم برفانی تودہ گرآیا جس کی زد میں آکر دو لڑکیاں زندہ دفن ہوگئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ،مقامی لوگ اور مقامی این جی او رضاکارفوری طور پر جائے واقع کی طرف روانہ ہوئے اور کافی مشکلات کے بعد دونوں لڑکیوں کی لاشیں نکالی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کرگل سنتوش سکھدیو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ واقع اتوار کی صبح ساڑھے گیارہ بجے ٹنگول پانی کھر میں اس وقت پیش آیا جب یہ دونوں لڑکیاں 11سالہ کلثوم بانو اور 13سالہ بلقیس بانو ، اپنے گھر جارہی تھیں۔ اس دوران اچانک برفانی تودہ گر آیا جس کی زد میں آکر دونوں لڑکیاں زندہ دفن ہوئیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کرگل نے بتایا کہ انہوں نے ایس ڈی ایم پانی کھر کو ہدایت دی گئی ہے کہ برفانی تودہ میں زندہ دفن ہوئی لڑکیوں کے متاثرہ لواحقین کو ایس ڈی آر ایف کے تحت فی الحال4 چار لاکھ روپے ریلیف کے طور پر دیئے جائیں گے۔ ادھر لداخ خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوت ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ادھر جموں و کشمیر کے میدانی علاقوں اور اونچی جگہوں پر درمیانے سے بھاری برفباری کی پیش گوئی کے درمیان، حکام نے اتوار کو 9 اضلاع میں برفانی تودے کی وارننگ جاری کی ہے۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ایم ڈی اے) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ، کولگام اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں سطح سمندر سے 2200 سے 2500 میٹر بلندی پر واقع علاقوں میں “درمیانے خطرے” کی سطح کے ساتھ برفانی تودہ گرنے کا امکان ہے۔اسی طرح کی برفانی تودے کی وارننگ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ، بارہمولہ، کپواڑہ اور جموں ڈویژن کے ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ اور رام بن میں سطح سمندر سے 2200-2500 میٹر کی بلندی پر رہنے والے لوگوں کے لیے بھی اگلے 24 گھنٹوں میں جاری کی گئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور برفانی تودے کے شکار علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ادھرجموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم عام طور پر ابر آلود رہا کیونکہ محکمہ موسمیات نے اتوار کو بتایا کہ کشمیر ڈویژن میں بڑے پیمانے پر بارش، برف باری اور جموں ڈویژن میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر ڈویژن میں وسیع بارش/برفباری اور جموں ڈویژن میں ہلکی بارش متوقع ہے۔سرینگر میں اتوار کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4، پہلگام میں منفی 5.6 اور گلمرگ میں منفی 7.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔لداخ کے کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.6 اور لیہہ میں منفی 13 ڈگری رہا۔جموں اور کٹرہ دونوں میں 7.6، بٹوٹ 4، بانہال 2 اور بھدرواہ میں 1.4 ڈگری سیلسیس کم سے کم درجہ حرارت درج کیا گیا۔