پٹن میں ملی ٹینٹوں کا حملہ غیر ریاستی بینک منیجر بال بال بچ گیا

فیاض بخاری

بارہمولہ //شمالی قصبہ پٹن کے گوشہ بگ علاقے میں ایک غیر ریاستی بینک منیجر ملی ٹینٹوں کے حملے میں بال بال بچ گئے ۔ شمالی قصبہ پٹن کے گوشہ بگ علاقے میں سوموار کی صبح قریب سوا دس بجے نا معلوم ملی ٹینٹوں نے گرامین بینک منیجر پر گولیاں چلائیں، تاہم وہ بال بال بچ گئے۔مقامی لوگوں کے مطابق بینک منیجر وویک کمار ساکن ڈیرہ ڈون،، دھوبی ون میں عارضی رہائش پذیر ہے، اور پیر کی صبح سوا دس بجے وہ گرامین بینک برانچ گوشہ بگ میںپر ڈیوٹی دینے کیلئے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آیا۔عین اسی وقت بینک کے باہر مارکیٹ میں موجود ایک ملی ٹینٹ نے اس پر فائر کھول دیا، تاہم بینک منیجر کسی طرح بچ گیا جس کے فوراً بعد مقامی لوگ جمع ہوئے اور ملی ٹینٹ نے ہوا میں مزید 2فائر کئے اور وہاں سے فرار ہوا۔اس موقعہ پر مقامی لوگ جمع ہوئے اور بینک ملازمین بھی نیچے آگئے، جنہوں نے بینک منیجر کو اپنی تحویل میں لیا اور پولیس چوکی پٹن کو اطلاع فراہم کی گئی،۔ پولیس کی بھاری نفری یہاں پہنچ گئی اور انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور ملی ٹینٹ کے فرار ہونے کے بارے میں تفصیلات جمع کیں۔اس ضمن میں وسن پٹن پولیس چوکی میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارورائی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔