’نیکی پر بدی کی جیت‘ کا تہوار دسہرہ سرینگر میں رائون، کمبھ کرن اور میگھناتھ کے پُتلے جلائے گئے

بلال فرقانی

سرینگر// ’نیکی پر بدی کی فتح ‘ کے طور پر منائے جانے والے دسہرہ تہوار کو قلیتی برداری نے وادی میں جوش و خروش سے منایا ،جس کے دوران رائون،میگناتھ اور کمبھ کرن کے پتلے نذر آتش کئے گئے۔سرینگر میں دسہرہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔سرینگر کی تقریب کا اہتمام دستار، سموہ اور کدل فانڈیشن نے کیا جس کی قیادت سنجے صراف نے کی۔کشمیری پنڈتوں اور ہندئوں نے ایک جھانکی نکالی جن میں رائون، کمبھ کرن اور میگھناتھ کے پتلے لائے گئے۔بعد میں کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وارسے ملحقہ راون، کمبھ کرن اور میگھناتھ کے دیوہیکل پتلے جلائے گئے جو ہندوعقیدت مندوں اور تماشائیوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔سری نگر اور وادی کے دیگر حصوں میں تعینات پی ایم پیکج کے ملازمین سمیت خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں لوگوں نے آتش بازی کی رائون کے پتلے جلانے کی رسم ادا کی۔خطہ کے دیگر قصبوں میں سیکورٹی فورسز کیمپوں میں بھی روایتی انداز میں دسہرہ منانے کے سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ کئی مقامات پر پر بازاروں میں بھگوان رام کی جھانکی کے ساتھ ایک فتح مارچ نکالا گیا، جس میں رامائن کے مناظر اور کرداروں کو دکھایا گیا تھا۔