نعت رسولِ مقبول ﷺ

رسالت کا منور اُنؐ کے سر پر تاج ہے بے شک
محمدؐ کی شفاعت کا جہاںمحتاج ہے بے شک

جہاں میں صورتِ انساں شہِ ابرارؐ کا آنا
عروجِ آدمیت کی حسیں معراج ہے بے شک

بنا کر محسنِ انسانیت بھیجا اُنہیںؐ رب نے
تمام انسانیت کا اُنؐ کے سر پر تاج ہے بے شک

خدا نے شافعء محشر بنایا ہے محمدؐکو
انہیں کے ہاتھ سارے عاصیوں کی لاج ہے بے شک

جہانوں کے لئے رحمت بنا کر رب نے یوں بھیجا
سراج اب تک ضیا پاشی میں خود وہّاج ہے بے شک

یقیناً شاہِؐ بحر و بر کی سب پر حکمرانی ہے
سبھی جِن و مَلک پر مصطفےٰؐ کا راج ہے بے شک
شبِ معراج نبیوں کی امامت جس نے فرمائی
تمامی انبیاءکا اک وہی سرتاج ہے بے شک

رہے عشقِ محمدؐ گر عمل کے ساتھ جس دل میں
تو سمجھو قلب وہ مثلِ مبیں پکھراج ہے بے شک

تڑپتا ہے سبھی کا قلب گرچہ عشقِ احمدؐ میں
مقدر کا دھنی لیکن دلِ حجاج ہے بے شک

یتیموں اور مسکینوںکی بھی تکریم فرمائی
یہ بحرِبے کساں روشن تریں منہاج ہے بے شک

مرے آقا کرم کی اک نظر فرمائیے سب پر
کہ اک امید کا پیکر غزالی ؔ آج ہے بے شک

محمد مصطفےٰ غزالی ؔ
عظیم آباد،موبائل نمبر؛8409508700