نعتِ رسولﷺ

آیئے پڑھ لیں درودِ پاک برکت کے لئے
اپنے ایمان و یقین کی زیب و زینت کے لئے
جب مرے سرکار ہیں میری شفاعت کے لئے
پھر مجھے فکرو تردّد کیوں ہو جنت کے لئے
ان صحابہؓ کی عقیدت کو میں کرتا ہوں سلام
جاں لُٹا دیتے تھے جو اک ایک سنت کے لئے
جب کیا بو جہل نے ذاتِ نبوتؐ پر سوال
سنگریزے بول اٹھے پاسِ رسالت کے لئے
بخش دیں میرے نبیؐ نے بیٹیوں کو عظمتیں
منتخب زہرہؓکو کرکے دیں کی وسعت کے لئے
آیئے دل سے کہیں ہم یا نبی صلی علیٰ
اپنے اس بے چین و مضطردل کی راحت کے لئے
زلف ہے وللیل تو والشمش ہے روئے مبیں
یعنی جسمِ مصطفےٰؐ بھی ہے تلاوت کے لئے
دوستو گائو گے کب تک زلف اور چہرے کے گیت
وقف کردو زندگی آقا کی مدحت کے لئے
اس غریبی میں ہی انشإ اللہ طیبہ جائوں گا
غیر ممکن کچھ نہیں ہے اس کی قدرت کے لئے
سوچتا ہوں میں بھی کافر ہوتا یا مشرک ذکی ؔ
جو مرے سرکار نہ آتے ہدایت کے لئے

ذکی طارق بارہ بنکوی
بارہ بنکی، یو پی
موبائل نمبر؛7007368108