مغل روڈ پر المناک حادثہ پہاڑ سے گرلر نوجوان چرواہے کی موت

 بختیار کاظمی‌

سرنکوٹ// مغل روڈپر پنار کے مقام پربھیڑ بکریاں چروا رہے نوجوان کی کھائی میں گرنے کی وجہ سے موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ نوجوان بنیادی طور پر ضلع گاندربل کا رہائشی تھا اور اس کنبہ کے لوگ کالا کوٹ لام میں عبوری رہائش رکھتے ہیں۔ یہ دوبھائی اپنی بھیڑ بکریاں لیکر اپنے آبائی علاقہ روانہ تھے لیکن مغل شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے انہیں پنار پل کے گرد نواح میں روکنا پڑا۔ بتایاجاتا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا نوجوان اپنے بھیڑ بکریوں کو چروا رہا تھا اور موسم بھی کافی حراب تھاجس دوران پیر پھسلنے کی وجہ سے مذکورہ نوجوان گہری کھائی میں گرنے سے لقمہ اجل بن گیا۔ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔مہلوک نوجوان کی شناخت سلطان احمد بھوکڑا ولد فاروق بھوکڑا عمر 20سال، تحصیل کنگن ،ضلع گاندر بل کے طور ہوئی ہے۔ سلطان المناک طور پر پہاڑ سے گرا اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔فی الحال سلطان کی بے جان لاش بہرام گلہ میں ایک ایمبولینس میں پولیس کی تحویل میں ہے اور ورثہ کالا کوٹ سے سرنکوٹ روانہ ہوچکے ہیں جن کا انتظار پولیس حکام کی جانب سے کیا جا رہاہے جس کے بعد نعش کو ان کے حوالے کیا جائے گا۔