مینڈھر میں کرنٹ لگنے سے ڈیلی ویجر جاں بحق، میکینک زخمی لواحقین کاگھنٹوں تک احتجاج ،محکمہ بجلی کیخلاف کیس درج کرنے کا مطالبہ

 جاوید اقبال

مینڈھر// پونچھ ضلع کے مینڈھر میں جمعرات کو بجلی کا کرنٹ لگنے سے محکمہ بجلی کا ایک عارضی ملازم لقمہ اجل بن گیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا مینڈھر کے گورسائی علاقے میں محکمہ بجلی کا ایک ڈیلی ویجر کام کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا، جس کی شناخت نصیر حسین ولد لال حسین کے طور پر ہوئی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ نصیر حسین اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ علاقے میں ایک خراب بجلی ٹرانسفارمر کی مرمت کروانے کیلئے اپنے مکینک کو ساتھ لے کر جب گیا تو اس وقت اُنکا ایک انچارچ جے ای بھی اُنکے ہمرہ تھا لیکن کام کی شروعات کرتے ہی اچانک مقامی بجلی سٹیشن سے سپلائی چھوڑ دی گئی جس سے کرنٹ لگنے سے دونوں زخمی ہو گئے۔ اُنہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا، جہاں نصیر حسین کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ اسی دوران محکمہ بجلی کا ایک اور ملازم (مکینک) عبدالرحمن ولد محمد گلزار سکنہ اڑی مینڈھر جو کہ واقعہ کے وقت نصیر احمد کے ساتھ کام کر رہا تھا کو بھی بجلی کا کرنٹ لگا اور وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔ دل کے مریض رحمان کو بھی بعد میں بے ہوشی کی حالت میں ایس ڈی ایچ مینڈھر منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔ اِس دوران ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات کیلئے ورثاء کے سپرد کیا ۔لواحقیں نے نعش کو لینے کے بعد گورسائی نالہ میں مینڈھر تا سرنکوٹ سڑک کو گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئےبند کر کے متعلقہ محکمہ کے خلاف زور دار احتجاج کیا اور سٹیشن پر تعینات ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار مینڈھر نے موقعہ پر جا کر اُن سے بات چیت کی اُور کہا کہ ریڈ کراس سے ایک لاکھ روپے دینے کے علاوہ انشورنس بھی دلایا جائےگا جبکہ ایک فائل بھی متعلقہ محکمہ سے تیار کروا کر اعلیٰ آفیسران کو بھجی جائے گی اور سرکار سے اپیل کی جائے گی کہ انکا ایک عارضی ملازم لگایا جائے جس کے بعد احتجاج ختم ہوا اور پھر آخری رسومات کیلئے نعش کو گھر لے جایا گیا۔اِس سِلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔