ماہِ رمضان ماہِ قرآن

سید اسامہ ہدوی
درس قرآں نہ اگر ہم نے بھلایا ہوتا
یہ زمانہ نہ زمانے میں دکھایا ہوتا
رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ اُمت ِ مسلمہ پر سایہ فگن ہے۔ ہر سو رمضان المبارک شادمانی و مسرت کا سماں بندھ چکا ہے۔ ہر کوئی اس مہینے کی رحمتوں سے مالا مال ہونے کے لئے کوشاں ہے۔ 5 سال کے کم عمر بچوں سے لیکر 70 سال کے بزرگوں میں اس رمضان کی برکتوں سے فیضیاب ہونے کا جوش نظر آرہا ہے۔  بیشک یہ مہینہ اہل اسلام کے لیے اللہ تبارک و تعالی کی جانب سے ایک عظیم تحفہ ہے اور اہل ایمان کے لیے خدائے واحد و یکتا کے احسان عظیم کی ایک حسین تصویر ہے۔ ما ہ مبارک میں ہر کوئی روزہ رکھے، ہر شخص قربت خداوندی کیے لیے صیام و قیام کا اہتمام کرے، غریب غربا کی مدد کی جائے اور ساتھ ہی ساتھ قرآن کریم کی تلاوت سے ساری دنیا معطر کرے۔ اللہ جل جلالہ خود قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے کہ ’’رمضان کا وہ مہینہ جس میں ہم نے قرآن نازل فرمایا‘‘ اور یہ قرآن کیا ہے’’ کتاب رشد و ہدایت‘‘ بھٹکی ہوئی انسانیت کو تاریک راہوں سے صراط مستقیم کی طرف لے جانے کا ذریعہ ہے۔ مگر افسوس کہ آج ہماری قوم کو اس کتاب ہدایت کی تلاوت تو درکنار اسے طاق سے اٹھا کر دیکھ لینے کی توفیق بھی نہیں ہوتی۔ ہم رونا رو رہے ہیں ناکامی کا، ہمیں شکایت ہے ظلم و بربریت کی،ہمیں ہزاروں پریشانیاں لاحق ہے لیکن ہم اسکا حل قرآن کریم میں تلاش نہیں کر رہے۔
قرآن ایک ایسی کتاب ہے جسکو دیکھنا بھی عبادت ہے ،اسکے ہر لفظ پر نیکیاں لکھی گئی ہیں، اسکو پڑھنا عبادت ،اسکو سننا عبادت، اسکو یاد کرنا عبادت، اسکو سمجھنا عبادت، اسکی تعلیمات کی تبلیغ عبادت، تو جس کتاب کی ہر بات عبادت ہو بھلا اس کتاب کے تقدّس اور عظمت کا اندازہ کیسے لگائیں۔ غور کریں کہ ہم رب کی اس امانت سے کتنے وفادار ہیں اور لمحہ فکریہ بھی ہے کہ آج ہم نے قرآن کو فقط بیٹیوں کی شادی میں بطورِ تحفہ دینے والی کتاب سمجھ لیا ہے، ہم اب قرآن پر صرف ہاتھ رکھ کر قسمیں کھاتے ہیں حالانکہ اگر اسکو سمجھا جاتا تو منظر ہی کچھ اور ہوتا ،اگر اسکی حقیقت کو سمجھا جاتا تو ہمیں اس پر ہاتھ رکھ کر قسم نہیں کھانی پڑتی۔ اسلئے قرآن کی اس پامالی میں غیروں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن اپنوں نے بھی قرآن کے ساتھ کوئی انصاف نہیں کیا۔ جس کتاب کو پڑھنے کا حکم تھا اس کتاب کو الماری کی زینت بنا کر رکھا گیا اور یہ بھی چیخ چیخ کر کہتی رہی کہ میں رب کا فرمان ہوں ،مجھے پڑھا کرو ،میں ہی وہ کتاب ہوں جو تمہاری کامیابی کی ضامن ہے۔ اسکی تلاوت کریں اسکی تعلیمات کو عام کریں اور نشر کریں۔ کہیں نا کہیں اسلام کے دشمن بھی قرآن کی تعلیمات کا اعتراف کرینگے ۔یہ وہ کتاب ہے جو اپنے ماننے والوں کو دنیا و آخرت میں کامیاب و کامرانی سے سرفراز کرےگی۔
قرآن کریم کے ہم مسلمانوں پر کچھ حقوق واجب ہیں۔ آئیے اس مضمون میں قرآن کریم کے حقوق کو سمجھتے ہیں اور ان شاء اللہ ان حقوق کو بجا لانے کے کوشش بھی کرینگے۔
1) قرآن کریم کا پہلا حق یہ ہے کہ قرآن پر مکمل ایمان لایا جائے۔ ہم اہل اسلام کا ایمان یہی ہونا چاہیے کہ یہ کتاب کوئی عام کتاب نہیں ہے بلکہ یہ خدائے وحدہ لاشریک لہ ٗکی جانب سے نازل کردہ دستور حیات ہے۔ ہمارے اسلاف کی کامیابی کا راز اسی امر پر مرکوز تھا کہ اُنہوں نے قرآن کریم پر مکمل ایمان رکھا اور ہر مشکل میں قرآن کریم کی ایمان افروز آیات کی طرف متوجہ ہوئے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ تو فرمایا کرتے تھے ،’’جب میں چاہتا ہوں کہ میں خدا سے گفتگو کروں تو میں نماز پڑھتا ہوں اور جب یہ چاہتا ہوں کے خدا مُجھ سے ہمکلام ہو تو قرآن کریم کی تلاوت کرتا ہوں۔‘‘ قرآن مقدس پر مکمل ایمان ہی قرآن کا پہلا حق ہے۔
2) قرآن کریم کا دوسرا حق ہے کہ اس عظیم کتاب کی تلاوت کی جائے۔ بزرگان دین و صلحاء امت کا یہ شیوا رہا ہے کہ وہ ہر دور میں ہر زمانے میں قرآن کریم کی کثرت سے تلاوت کیا کرتے تھے۔ چین و سکون کی تلاش میں بھی قرآن کریم کی جانب رجوع کیا کرتے تھے مگر افسوس کے آج ہم نے قرآن کریم کی تلاوت میں کوتاہی برتی ہے اور حصول امن و سکون کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ قرآن کریم کی تلاوت کی جائے۔ الحمدُللہ ماہ رمضان المبارک کے ان ایام مبارکہ میں یہ حق ادا کرنا اور بھی آسان ہو جاتا ہے۔ ہم پر یہ واجب ہے کہ ہم قرآن کریم کی کثرت سے تلاوت کریں اور اسکے فیوض وبرکات سے مالا مال ہوں۔
3) قرآن کریم کا تیسرا حق ہے کہ اس کلام خداوندی کا فہم و ادراک حاصل کیا جائے لیکن اسکے فہم و ادراک کے حصول کے لیے پہلے ہمیں کلام ربانی سے گہرا تعلق پیدا کرنا۔ تاریخ گواہ ہے کہ علمائے اسلام نے قرآن کریم کے فہم و ادراک سے دنیا کو نئی نئی ایجادات سے نوازا۔ دنیا میں جتنے بھی علوم ہے قرآن کریم ان تمام علوم کا سرچشمہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کلام ربی میں غوطہ زن ہو کر اسے سمجھنے کی کوشش کی جائے۔
4) قرآن کریم کا چوتھا حق یہ کے اس کتاب کے پیغامات کو عام کیا جائے۔ اس کتاب کا پیغام (message) تو محبت و امن کا پیغام ہے اس پیغام کو ساری دنیا تک پہنچایا جائے۔5) اپنی نسلوں کو تعلیم قرآن و پیغام قرآن سے روشناس کرائیں۔6) قوم مسلم کے بچوں کے سینوں کو عشق قرآن کا گنجینہ بنائیں۔7) اپنی اولاد اور اہل و عیال کو رفعت و عظمت قرآن کا درس دیں۔
آئیے اس رمضان المبارک یہ عہد کریں کہ ہم قرآن کریم کے حقوق کی مکمل پاسداری کرینگے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔