کتاب و سنت کے حوالے سے مسائل کا حل مفتی نذیر احمد قاسمی

سوال :میں ایک تعلیم یافتہ خاتون ہوں۔ہم خواتین کی محفلوں میں اکثر یہ سوال زیر بحث رہتا ہے کہ کیا اسلام میں مرد کا درجہ عورتوں سے زیادہ بڑا ہے،کیا عورتیں واقعتا مردوں کے مقابلے میں کم درجہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔اسلام میں عورتوں کے حقوق کیا ہیںاور بہت سارے مرد عورتوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتے ہیں ،جس سے لگتا ہے کہ ان کی نظر میں عورت کی حیثیت بہت کم ہے۔کچھ شرعی عمل ایسے ہیں جو صرف مرد کرتے ہیں ،مثلا مساجد میں جماعت کی نماز ،جمعہ و عیدین کی نمازیں،جنازہ اور جہاد کا عمل۔تو اس سے مردوں کی برتری ظاہر ہوتی ہے اور لگتا ہے کہ مردوں کا مقام عورتوں سے اونچا ہے۔اس بارے میں وضاحت فرمایئے۔
ثمینہ کوثر ،ریٹائرپروفیسر ۔حیدر پورہ سرینگر

اسلام میں مرد و عور ت کا مقام و مرتبہ!
جواب :اسلام کی نظر میںمرد اور عورت دونوں کا اپنا اپنا درجہ ہے اور برتر وہ ہے جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام پر زیادہ عمل کرے۔اگر کوئی مرد اللہ و رسولؐ کا نافرمان ہو ،بد اخلاق ہو ،حرام کاموں میں مبتلا ہو،بد کردار ہو ،ظلم کرتا ہو ،بُرے کاموں میں مبتلا ہواور اس کی بیوی نیک ہو ،صوم و صلو اۃکی پابند ہو،با حیا ہو تو یقینایہ عورت اس مرد سے بدرجہا افضل اور برتر ہے۔عورت ماں بھی ہے،بہن بھی ہے اور بیٹی بھی ہے۔ان کا درجہ کتنا ہے اس کا اندازہ ان احادیث سے ہوگا جو ماں اور بیٹی کے متعلق اللہ کے نبی علیہ السلام نے بیان فرمائے ہیں۔شرعی احکام میں مرد اور عورت برابر ہیں۔نماز ،روزہ ،زکواۃ ،حج ،حسنِ اخلاق ،عمدہ کردار،حسن مقال اور اکلِ حلال ،ان تمام احکام میں دونوں شریک ہیں۔ہاں نماز اور روزہ میں بعض اعذار میں عورتوں کو تخفیف دی گئی ہے۔مثلاً ایامِ حیض میں عورتوں کو نمازیں معاف کردی گئیں۔اسی طرح جماعت جمعہ اور عیدین میںبھی عورتوں کو رخصت دی گئی ۔اسی طرح جنازہ وغیرہ عورتوں پر لازم نہیںکیا گیا ،تو یہ معافی ان کے لئے رحمت ہے۔یہ ایسے ہی ہے کہ کوئی مرد بیمار ہوجائیتو اس کو جماعت جمعہ اور جنازہ میں چھوٹ دی گئی۔مردوں کو یہ چھوٹ وقتی ہے ۔عورتوں کو نماز ادا کرنا لازم ہے مگر جماعت لازم نہیں ہے۔عورتوں کے اخلاقی حقوق اسی طرح ہیں جس طرح مردوں کے ہیں،ان میں کوئی امتیاز نہیں ہے۔اسی طرح عورتوں کو مکمل مالی حقوق دئیے گئے ہیں ،عورت کی کمائی اس کی اپنی ملکیت ہے ۔اس کی جائیداد میں کسی کو تصرف کرنے اور چھیننے کا حق نہیں ،نہ باپ بیٹے کو اور نہ شوہر یا بھائی کو۔اس کو وراثت میں ہر ماں کی صورت میں حصہ دیاجائے،یہ حکم قرآن میں ہے ۔عورت ماں ہو،بیوی ہو،بیٹی ہو یا بہن ہو،ہر حالت میں اسے وراثت لینے کا مکمل حق دیا گیا ہے۔اسی طرح مردوں کو حکم دیا گیا کہ اپنی نظروں کو نیچا رکھیںاور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں ۔یہی حکم عورتوں کو دیا گیا کہ وہ اپنی نظروں کی حفاظت کریںاور شرمگاہوں کا حرام استعمال نہ کریں۔
جو مرد یہ سمجھتے ہیں کہ مرد افضل یا برتر ہیں،ان کی یہ سوچ دینی سوچ نہیںبلکہ معاشرے کے غلیظ تصورات کا نتیجہ ہے۔ہاں یہ بات طے ہے کہ قرآن کریم نے گھریلو زندگی میں مرد کو قوام قرار دیا ہے ،یہ ایسے ہی ہے جیسے سکول میں،دفتر میں،ادارے میں اور کسی فورم میں کوئی ہیڈ ہوتاہے ،حالانکہ سارے مرد ہوتے،جیسے مردوں میں کوئی افسر ہوتا ہے اور کوئی ماتحت ۔اور اسی سے نظام زندگی چلتا ہے اس کی گھریلو زندگی میں مردوں پر ذمہ داریاں بھی زیادہ ڈالی گئیںاور اس ذمہ داری کو نبھانے کے لئے اس کو قوام بھی بنایا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال :بچہ پیدا ہونے کے بعد خواتین کو جن ایام کی نمازیں معاف ہوتی ہیں وہ ایام کتنے ہوتے ہیں ۔عموما ًہمارے معاشرے میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ یہ چالیس دن ہوتے ہیں ۔ہمیں یہ بتائیے کہ یہ ایام کتنے ہوتے ہیں اور ان ایام میں کیا کیا عبادت جائز ہے اور کیا کیا منع ہے؟
مسرت ناز ۔بارہمولہ کشمیر

بچے کی پیدائش کے بعد نماز کتنے دنوں کے لئے معاف ہے
جواب : بچہ تولد ہونے کے بعد عورت کو ایام زچگی میں نمازیں معاف کردی گئیں ہیں۔جیسے حیض کے ایام میں نمازیں معاف ہیں۔اسی طرح ان ایام کی نمازیں بھی معاف ہیں۔یہ ایام صرف اتنے دن ہیں جتنے دن خون آتا رہے اس کے لئے دنوں کی تعداد مقرر نہیں ہے۔جیسے حیض جتنے دن آئے اتنے دن کی نمازیں معاف ہیں۔لہذا یہ سمجھنا کہ چالیس دن کی تعداد مقرر اور طے ہے،یہ اور چاہے خون بند ہوچکا ہو پھر چالیس دن نمازیں چھوڑے رکھنی ہیں یہ صحیح نہیں ہے۔بس جونہی خون آنا بند ہوجائے ،نمازیں فرض ہوجائیں گی۔ان ایام کو ایامِ نفاس کہتے ہیں۔حیض اور نفاس دونوں کے ایام میں نمازیں معاف ہیں۔یعنی نہ ادا اور نہ قضا۔روزے ان ایام میں نہیں رکھنے ہیںبلکہ بعد میں قضا کریں گی۔قرآن کریم کی تلاوت منع ہے اور شوہر سے ہمبستر ہونا بھی منع ہے۔تسبیحات ،درود ،استعغفار ،اذکار اور دعائیں کرنے کی اجازت ہے۔کھانا پکانے ،کپڑے دھونے اور دوسرے جو کام وہ کرسکتی ہو،کرنے کی اجازت ہے۔اگر وہ مکہ مکرمہ میں ہو تو طواف کرنے کی اجازت نہیں اور مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔جیسے کوئی مرد اگر بے غسل ہو تو مسجد میں نہیں آسکتا ،اسی طرح حیض و نفاس والی بھی مسجد میں نہیں آسکتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال :جب کسی عورت کے شوہر کی وفات ہوجائے تو اس عورت کو عدت گزارنی ہوتی ہے ۔یہ عدت کیا ہے اور کتنے دن؟اور اس میں کیا کیا کرنا ہے اور کیا کیا نہیں کرنا ہے۔
ایک مسلمان خاتون۔سرینگر

شوہر کی فوتیدگی کے بعد ایامِ عدت
جواب :جب کسی عورت کا خاوند فوت ہوجائے تو اس عورت کو چار ماہ دس دن عدت گذارنا لازم ہے۔ ان ایام میں بنائو و سنگھار نہ کرے،زیورات نہ پہنے،دوسرا نکاح نہ کرے،گھر سے باہر نہ نکلے،تقریبات میں نہ جائے،سفر نہ کرے ،جس گھر میں شوہر کی وفات ہوئی ہو ،اسی گھر میں عدت کا یہ عرصہ گذارے۔ہاں! علاج و معالجہ کے لئے ڈاکٹر کے پاس جانا پڑے تو جاسکتی ہے اور گھریلو سامان لانیوالا کوئی نہ ہو تو ضرورت کا سامان لینے کے بقدرِ ضرورت گھر سے باہر جا سکتی ہے۔غم ہلکا کرنے کے لئے رشتہ داروں کے یہاں جانا یا کسی کے یہاں تعزیت کے لئے جانا یا نکاح و شادی کی تقریبات میں جانا بھی درست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال :عورتوں کے پاس جوزیورات ہوتے ہیں ،ان کی زکواۃ خود اُسے ہی دینی ہے یا اس کی زکواۃ شوہر کے ذمے ہے؟
حفیظہ بیگم۔پلوامہ

زیورات پر زکواۃ کا معاملہ
جواب: زیورات ،مہر اور جہیز یہ سب عورت کی ذاتی املاک ہیںاوروہ ان کی مالک ہے۔تو زکواۃکو بھی اسی کے ذمہ ہے۔اسلام میں کہیں نہیں ہے کہ عورتوں کے زیورات کی زکواۃ شوہروں پر لازم ہے۔ہاں ! کوئی باپ اپنی بیٹی یا کوئی شوہر اپنی زوجہ کی زکواۃ ادا کرے تو یہ اس کا احسان ہوگا ،مگر اس پر یہ فرض نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال :ظہر کی اذان سے متعلق ہمارا سوال یہ ہے کہ اس کا وقت کب شروع ہوتا ہے ۔اس کے لئے کہ دوپہر کو زوال کبھی ساڑھے بارہ بجے ،کبھی اس سے پہلے اور کبھی اس کے بعد ہوتا ہے۔بلکہ کچھ ایام میں پونے ایک بجے بھی شروع ہونا میقات الصلو میں درج ہے۔اب ظہر کی اذان کب پڑھی جائے،یہی سوال جمعہ کی پہلی اذان کے متعلق بھی ہے۔بعض مساجد میں پورے سال پہلی اذان ساڑھے بارہ بجے ہوتی ہے۔اس سلسلے میں شرعی رہنمائی کیا ہے؟
ہلال احمد ۔سرائے بالا ،سرینگر

اذانِ ظہر و جمعہ: زوال سے پہلے درست نہیں
جواب:ظہر اور جمعہ دونوں نمازوں کا وقت دوپہر کو زوال کے بعد شروع ہوتا ہے ۔اس لئے زوال سے پہلے نہ ظہر کی اذان درست ہے اور نہ جمعہ کی۔اب اگر ساڑھے بارہ بجے زوال ہوجائے تو ظہر اور جمعہ دونوں کا وقت شروع ہوگیا ،اس لئے ان دونوں نمازوں کی اذان بھی درست ہوگئی اور سنتیں پڑھنا بھی صحیح ہے اور جن ایام میں زوال ساڑھے بارہ بجے کے بعد ہوتا ہے،ان ایام میں ظہر اور جمعہ دونوں اس وقت درست ہیں جب میقات الصلوٰۃ کے مطابق زوال ہوچکا ہو۔لہذا جن ایام میں پونے ایک بجے شروعِ ظہر لکھا ہوتا ہے،ان ایام میں جمعہ اور ظہر دونوں کی اذان پونے ایک بجے ہونی چاہئے ۔اس سے پہلے نہ اذان درست ہے اور نہ سنتیںادا کرنا درست ہے۔یہ بات مساجد کے ائمہ حضرات اور مساجد کے منتظمین کو اچھی طرح سمجھنے کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال :ہسپتالوں میں مریضوں کو خون چڑھایا جاتا ہے ۔یہ خون کسی دوسرے انسان کا ہوتا ہے ،اس میں مرد و عورت اور مسلمان غیر مسلم کا بھی کوئی فرق نہیں ہوتا اور کبھی اس کا معاوضہ بھی دینا ہوتا ،چاہے خون ہی معاوضہ میں دیا جائے اور چاہے رقم۔کیا اسلام میں یہ جائز ہے۔جب قرآن و حدیث میں اس کی اجازت کہیں نہیں تو پھر یہ جائز کیسے ہے؟
ڈاکٹر فیروز احمد ۔حیا اسپتال بٹہ مالو سرینگر

عطیہ خون جائز ،اصول اجتہاد کو اپنانے کا نتیجہ
جواب:اسلام میں احکام کی بہت بڑی تعداد ان مسائل کی ہے جو اسلامی اصول ِ اجتہاد سے فیصل ہوتے ہیں۔چنانچہ بہت ساری چیزیں حرام ہیں اور اجتہادی فیصلوں سے حرام ہوئی ہیں۔مثلا شراب کے علاوہ جتنی منشیات حرام ہیںوہ بذریعہ شرعی اجتہاد ۔اسی طرح بھینس کا گوشت اور دودھ حلال ہے ۔حالانکہ قرآن و حدیث میں اس کے حلال ہونے کا کہیں تذکرہ نہیں۔اسی طرح خون کا عطیہ جائز ہے اور اس پر پوری امت اور علماء کا اتفاق ہے اور وہ اصولِ اجتہاد کو اپنانے کا نتیجہ ہے۔انسان یعنی عورت کے جسم سے خون کی طرح دودھ پیدا ہوتا ہے تو خواتین کا دودھ ایک اہم ترین نعمت ہے ،یہ دوسرے بچے کو پلانا جائز ہے ۔خود رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حلیمہ کا دودھ پیا تھا ۔جیسے عورت کا دودھ دوسرے بچے کے لئے حلال ہے اور یہ قرآن و حدیث سے ثابت ہے۔ اسی پر عطیۂ خون کا مسئلہ کہاگیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔