لیوینڈر دنیا کی بہترین فصلوں میں سے ایک گزشتہ برسوں کے دوران مانگ میں اضافہ:ڈائریکٹر زراعت

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//محکمہ زراعت تجارتی خطوط پر لیوینڈر کے فروغ کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے بدھ کوسرہامہ فارم میں لیونڈر کی فصل کی معاشی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی بہترین فصلوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیوینڈر کے معیاری پودے لگانے کے مواد کی مانگ میں گزشتہ برسوں کے دوران اضافہ ہوا ہے اور ترقی پسند زرعی صنعت کاروں کو اس خوشبودار فصل کی طرف راغب کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ڈائریکٹر زراعت نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت خوشبودار اور ادویاتی پودوں کے فروغ کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔اقبال نے کہا کہ اس کی تشہیر اور تعارف کے پیچھے کارفرما نظریہ ہے۔لیوینڈر کی فصل کو تجارتی خطوط پر نئے علاقوں تک پہنچانا نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ سجاوٹی پلانٹ ہونے کے ساتھ ساتھ یہ معاشی طور پر قابل عمل پودا بھی ہے جو زیادہ تر مہک کی صنعت میں استعمال ہوتا ہے۔ تیل نکالنے کے بعد باقیات کو اگربتیاں، صابن وغیرہ بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ڈائریکٹر زراعت کو فارم میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔بعد ازاں ڈائریکٹر زراعت نے قاضی گنڈ میں بھارتیہ کرشک سماج خواتین ونگ کی ایک تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوںنے زرعی شعبے کی پائیداری کو یقینی بنانے میں خواتین کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ زراعت میں 70 فیصد سے زائد افرادی قوت خواتین کسانوں پر مشتمل ہے۔