غیر مقامی خاتون کے قتل کا معاملہ نصر اللہ پورہ بڈگام میں شوہر گرفتار

ارشاد احمد

بڈگام// نصراللہ پورہ میں غیر مقامی بیوی کے قتل کے الزام میں اسکے مقامی شوہر کوگرفتار کیا گیا۔نصراللہ پورہ میں مغربی بنگال کی خاتون 36 سالہ مسلمہ جان، کی شادی 20 روز قبل غلام محمد بٹ ولد سیف الدین سے ہوئی تھی۔جمعہ کواس کی لاش گھر میں پر اسرارِ حالت میں پائی گئی تھی۔ لاش پر زخموں کے نشانات موجود تھے جس سے خاتون کی موت مشکوک لگی تھی۔پولیس اسٹیشن بڈگام کی ٹیم یہاں پہنچ گئی اور انہوں نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر منتقل کرکے مجسٹریٹ کی موجودگی میں لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گی۔دوران پوسٹ مارٹم پوری کارروائی کی باضابطہ عکس بندی بھی کی گئی۔ اس موقع پر پولیس نے متوفی خاتون کے شوہر غلام محمد بٹ کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا۔ مسلسل پوچھ گچھ کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کا گلا دبا کر قتل کیا ہ۔ ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ “قاتل شوہر نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے 20 روز قبل کلکتہ کی خاتون سے شادی کی تھی لیکن دونوں کی ایک دوسرے سے نہیں بنتی تھی اور گزشتہ روز آپسی جھگڑے میں طیش میں آکر اس سے قتل کی واردات انجام دی،جس کی اس نے منصوبہ بندی کرکے رکھی تھی۔معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 393/2022 زیر دفعہ 302 درج کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔