علاج و معالجہ کی فراہمی میں نرسوں کا اہم رول:ڈائریکٹر سکمز سکمز کے نرسنگ انسٹی ٹیوٹ کا 8واں یوم تاسیس منایا گیا

سرینگر //مادر مہر بان انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ سائنسز اور ریسرچ) سکمز نے کالج کا 8واں یوم تاسیس سکمز آڈٹوریم میں منایا گیا ۔ یوم تاسیس پر3روزہ سمینار منعقد ہونے جارہا ہے جس کاموضوع’’ آفات سماوی کیلئے تیاری‘‘ رکھا گیاہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سکمز پروفیسر پرویز احمد کول نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کہا کہ آفات سماوی سے نمٹنے کیلئے نرسوں کا اعلی ٰتربیت یافتہ ہونا ضروری ہے کیونکہ مریضوں کو علاج و معالجہ فراہم کرنے میں نرسوں کا کافی اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسیں ہر آفت کے دوران فرنٹ لائن ورکرس ہوتی ہیں اور مریضوں کو علاج فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادر مہربان انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ کا نیم طبی عملہ تیار کرنے میں اہم رول ادا کرتا ہے کیونکہ یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ پورے دنیا میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی ڈاکٹر طارق گوجواری نے کہا کہ نرسیں طبی شعبہ میں اہم رول ادا کررہی ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فارو ق احمد جان نے کہا کہ آفات سماوی سے نپٹے میں نرسوں کا اہم رول ہے کیونکہ نرسیں طبی شعبہ میں ریڈ کی ہڈی ہوتی ہیں۔ پرنسپل ایم ایم این آئی ایس آر پروفیسر منی کاچھرو نے تمام حاضرین اور مہمانوں کا استقبال کیا اور کالج کی حصولیابیاں اور کامیابوں کے بارے میں جانکاری دی اور مکمل تعاون کیلئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پرویز احمد کول نے پرنسپل منسر منیرا کاچھرو کی جانب سے نرسنگ پر لکھی ہوئی کتاب کی بھی رسم رونمائی انجام دی ۔