سری لنکا نے دلچسپ مقابلے میں چار رن سے جیت حاصل کی

یو این آئی

کولمبو//سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے کولمبو کے پریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک دلچسپ مقابلے میں آسٹریلیا کو چار رنز سے شکست دے کر شاندار جیت حاصل کی۔ منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد داسن شاناکا کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شروع میں جلدی ہی وکٹیں گنوائیں۔ نیروشن ڈکویلا (01)، پاتھم نسانکا (13) اور کوسل مینڈس (14) کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی ٹیم 34 رنز پر تین وکٹ پر سمٹ گئی۔ دھننجے ڈی سلوا نے پھر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہونے سے قبل چاریتا اسلانکا کے ساتھ 101 رنز کی شراکت داری کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ ڈی سلوا نے اپنی 61 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے لگائے لیکن وہ 27 ویں اوور میں مشل مارش کے ہاتھوں میکسویل کو کیچ دے بیٹھے ۔ ان کے ساتھی اسلانکا نے مورچہ سنبھالتے ہوئے 106 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 110 رنز کی سنچری اننگز کھیلی ۔

ان کے علاوہ دونتھ ویلاگے نے 19 اور وینندو ہسرنگا نے 21 رنز بنائے جس کی بدولت سری لنکا نے 49 اوورز میں 258/10 کا اسکور کیا۔ میتھیو کوہن مین، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے دو دو جبکہ گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 259 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا نے کپتان ایرون فنچ کو تین رنز پر گنوا دیا تاہم ڈیوڈ وارنر (99) اور مچل مارش (26) نے پھر 63 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالا، حالانکہ مارش آؤٹ ہوگئے ، اس کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم مسلسل وکٹ گنواتی رہی ۔

وارنر نے ایک سرے پر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی اپنی سنچری سے چوک گئے اور 99 کے اسکور پر آسٹریلیا کے ساتویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے ۔ وارنر نے اپنی اننگز میں 112 گیندیں کھیلیں اور 12 چوکے لگائے ۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 27 اور پیٹ کمنز نے 35 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کو میچ کے آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے جس کا دفاع کرتے ہوئے شاناکا نے سری لنکا کو چار رنز سے دلچسپ جیت دلائی۔  سری لنکا کی جانب سے چمیکا کرونارتنے ، ڈی سلوا اور جیفری وینڈرسے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش تیکشانا، ہسرنگا، ویللاگے اور شاناکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی سری لنکا نے پانچ میچوں کی سیریز میں تین ۔ایک کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ جمعہ 24 جون کو کھیلا جائے گا۔