سرکاری اسکول کے 3طلباء کا کارنامہ کریری بارہمولہ میں کم لاگت کا’ایپل گریڈنگ ‘سسٹم بنایا

 غلام محمد

سوپور//ہائر سیکنڈری سکول کریری بارہمولہ کے طلباء کے ایک گروپ نے ’ایپل گریڈر‘ تیار کیا ہے۔ یہ کم لاگت اور پورٹیبل سسٹم ایپل کی درجہ بندی کے عمل میں انقلاب لانے، مقامی کسانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی پیداوار کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کا وعدہ کرتا ہے۔ نیشنل ٹیکنالوجی ہفتہ میں تسلیم شدہ اور باوقار یوتھ آئیڈیاتھون 2022 مقابلے میں ٹاپ 10 مقام حاصل کرنے کے بعد یہ اختراع سوپور میں سیب کے کاشتکاروں کو بدلنے کے لیے تیار ہے۔سیب کی درجہ بندی مقامی کسانوں کے لیے ایک طویل عرصے سے ایک مہنگا اور ناقابل رسائی عمل رہا ہے، جس کی وجہ سے انہیں مارکیٹ میں نقصان پہنچا ہے۔

 

 

 

اس چیلنج کو تسلیم کرتے ہوئے، شاکر احمد، عدنان مشتاق اور فرقان رشید نامی باصلاحیت طلباء نے ہائر سیکنڈری اسکول کریری بارہمولہ کے جاوید احمد اور پی جام فاؤنڈیشن کے سریندر بنسودے کی رہنمائی میں، ایک اختراعی حل تیار کرنے کے مشن کا آغاز کیا۔ نیتی آیوگ اور اے ٹی ایل کی طرف سے سہولت فراہم کرنے والے ایک صلاحیت سازی پروگرام میں شرکت کے بعد جاوید احمد نے یوتھ آئیڈیاتھون 2022 مقابلے میں حصہ لینے کیلئے اپنے طلباء کی رہنمائی کی۔ تمام تر مشکلات کے خلاف بارہمولہ خطے کے سرکاری اسکولوں کی تین ٹیموں نے بشمول باصلاحیت تینوں طلباء نے ملک بھر سے ٹاپ 100 داخلوں میں جگہ بنائی۔ ان کی غیر معمولی کامیابی نوجوان ذہنوں کی پرورش اور تعلیم میں ڈیزائن سوچ کو فروغ دینے کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے۔انعام کے طور پر انہیں اپنے پروجیکٹ کو مزید ترقی دینے کیلئے 1 لاکھ روپئے کا ایک اہم انکیوبیشن فنڈ دیا گیا، جس سے ان کی کاروباری خواہشات کو قابل ذکر فروغ ملا۔