سابقہ بنیادوں پر سکول فیس کی وصولی پرائیویٹ تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی کا انتباہ

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر // پرائیویٹ سکولوں کیلئے فیس کا تعین کرنے والی کمیٹی نے کچھ نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے سابقہ انداز میں سکول فیس وصول کرنے کی شکایات پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے،ایسے پرائیویٹ اداروںکیلئے قانون کے مطابق کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ کمیٹی نے حکم میںکہاہے، کہ نجی تعلیمی ادارے یا تو داخلے کے عمل کو مکمل کرنے کے عمل میں ہیں یا اسے مکمل کر چکے ہیں۔ “والدین کی طرف سے شکایات موصول ہو رہی ہیں، کہ کچھ سکول ایسے مہینوں سے فیس وصول کر رہے ہیں جن میں طالب علم سکول نہیں گئے ہیں اور اس نے سکول سے کوئی خدمات بھی حاصل نہیں کی ہے۔”اس حوالے سے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام پرائیویٹ سکولوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس عرصے کے لیے فیس وصول نہ کریں جب کوئی طالب علم سکول میں داخل نہیں ہوا ہے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ “سکول اس تاریخ سے فیس وصول کرے گا جب طالب علم کو سکول میں داخل کیا جائے گا۔”آرڈر میں کہا گیا ہے کہ “کسی بھی خلاف ورزی پرقانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جس میں حکومت کو سکول کی رجسٹریشن ختم کرنے کی سفارش کرنا شامل ہوسکتا ہے‘‘۔