حمد

تُو سابقے میں بھی ہے اور لاحقے میں بھی
گُزشتہ رستے میں بھی، اگلے راستے میں بھی

تجھے میں ایک میں بھی دیکھوں، قافلے میں بھی
تجھے ہی قُرب میں بھی پاؤں، فاصلے میں بھی

ہر ایک واسطہ آخر تجھی پہ رُکتا ہے
بغیر واسطے کے تُو ہی، واسطے میں بھی

غرض کہ باعثِ تحریرِ آں کہ تُو ہی ہے
تُو ہی ہے بینِ سُطور اور حاشیے میں بھی

کوئی جگہ ہی نہیں ہے، جہاں نہیں ہے تُو
تُو آئینے میں نہیں، پر ہے آئینے میں بھی

ترے ہی نُور کا پرتَو، ہر ایک لفظ میں ہے
تُو ہی ردیف میں ہے، تُو ہی قافیے میں بھی

محمد اطہرؔ
بارہمولہ، کشمیر
موبائل نمبر؛9103730123