بانہال میں فوج کی طرف سے مفت میڈیکل کیمپ ۔600 مریضوں کی تشخیص اور مفت ادویات تقسیم

محمد تسکین
بانہال // گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ٹھٹھاڑ بانہال میں بھارتی فوج کی طرف سے سدبھاونہ پروجیکٹ کے تحت منگل کو ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اس کیمپ میں سب ضلع ہسپتال بانہال اور فوج کے ڈاکٹر موجود تھے جبکہ روشنی فاؤنڈیشن اور ریڈکراس کے رضاکار بھی وج اور لوگوں کی مدد کیلئے موجود تھے۔اس کیمپ میں قریب چھ سو مریضوں کی طبی جانچ کی گئی اور وہاں موجود فوج اور سیول ڈاکٹروں نے ان کو ادویات اور مذید مشوروں سے نوازا۔ فوجی اور سب ضلع ہسپتال بانہال کے ڈاکٹروں کی طرف سے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مریضوں کو حفظانِ صحت کے مثبت طریقوں اور خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔ فوج کے اس ایثار کیلئے مقامی لوگوں اور پنچایتی نمائندوں نے فوج کی سراہنا کی ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔