اگنی پتھ اسکیم کے خلاف جموں میں کانگریس کا احتجاج حکومت نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے: جی اے میر

جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے اور توے پل کے نزدیک دھرنا دیا۔اس موقع پر پی سی سی چیف نے کہاکہ اگنی پتھ اسکیم ملک کے نوجوانوں کے لئے ایک بہت بڑا دھوکہ ہے ۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کے روز جموں میں کانگریس کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر غلام احمد میر کی سربراہی میں کانگریس نے احتجاجی مظاہرئے کئے ۔ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے کانگریس ورکروں نے مرکزی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔پی سی سی چیف غلام احمد میر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ اس اسکیم کو فوری طورپر واپس لیا جائے کیونکہ یہ ملک کی سیکورٹی کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس نے اس اسکیم کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کرنے کا پروگرام بنایا ہے ۔ جی اے میر نے کہاکہ اگنی پتھ اسکیم کو لاگو کرنے سے قبل اس کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا چاہئے تھے تاکہ سبھی ممبران کی آراء حاصل کرنے کے بعد ہی اس پر کوئی فیصلہ لیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے یہ اسکیم ملک کے نوجوانوں پر تھوپی ہے جس کے کسی بھی صورت میں مثبت نتائج سامنے نہیں آسکتے ہیں۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ یہ اسکیم ملک کے نوجوانوں کو قبول نہیں لہذا کانگریس اُس وقت تک احتجاج جاری رکھے گی جب تک نہ اس اسکیم کو کالعدم قرار دیا جائے گا۔