اپنی پارٹی تمام خطوں کی یکساں ترقی کی خواہاں اوڑی میں عوامی وفود،سیاسی وسماجی شخصیات الطاف بخاری سے ملاقی

اوڑی//عوامی منڈیٹ حاصل ہوجانے کے بعد اپنی پارٹی جموں کشمیر کے تمام خطوں کی مساوی تعمیروترقی کویقینی بنائے گی۔اس بات کااظہار اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے اوڑی کے اپنے سہ روزہ دورے کے دوسرے دن ترکانجن میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ایک بیان کے مطابق الطاف بخاری نے اوڑی کے بونیار بالا مائیگرنٹ کیمپ، ترکانجن، دندران، دندران کوہی ناکہ، مدن اور کئی دیگر علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اس بات پر افسوس ظاہر کیا ہے کہ یہاں کے لوگوں کو تعمیر و ترقی یہاں تک کہ بنیادی سہولیات تک سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس سرحدی خطے میں تعمیر و ترقی کے بنیادی ڈھانچے کی عدم دستیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گزشتہ 75 سال سے حکومت کرنے والے سیاستدانوں نے ہمیشہ اس خطے کو نظر انداز کیا ہے۔‘‘ترکانجن میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ جب اپنی پارٹی اقتدار میں آئے گی جو جموں کشمیر کے ہر خطے کے عوام کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے مساوی حصہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’دنیا بدل گئی ہے۔ ٹیکنالوجی کے انقلاب نے دنیا کو ایک گلوبل ولیج بنادیا ہے۔ اس لئے اب کسی بھی خطے کو محض اس کے محل وقوع کی بنیاد پر تعمیر و ترقی سے محروم نہیں رکھا جاسکتا ہے۔ جمہوری معاشروں میں عوام کو بلا امتیاز ذات پات یا ان کی سیاسی وابستگیوں اور مذہبی شناخت کے خوشحال زندگی گزارنے اور بنیادی ضروریات تک رسائی کا حق حاصل ہوتا ہے۔‘‘دن بھر مختلف علاقوں کے دورے کے دوران سید محمد الطاف بخاری سے کئی عوامی وفود اور کچھ سماجی اور مذہبی شخصیات ان سے ملاقائی ہوئے اور انہیں اوڑی کے لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ لوگوں نے اوڑی کے بیشتر علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی کی شکایت کی۔ سید محمد الطاف بخاری نے لوگوں کو تحمل سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ ان مسائل کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لانے کے لیے ان کے جلد ازالے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔دریں اثنا مائیگرنٹ کیمپ، ترکنجن، دندران، دندران کوہی ناکہ، مدن اور دوسرے کئی مقامات پر کانگریس، نیشنل کانفرنس اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاسی لیڈروں اور کارکنوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا با ضابطہ اعلان کیا، جبکہ سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی میں ان کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔