ادہمپور حلقے میں 15نامزدگیاں داخل دوسرے مرحلے کیلئے فام بھرنے کا عمل آج سے

 عظمیٰ نیوز ڈیسک

نئی دہلی+کھٹوعہ //لوک سبھا انتخابات میںادھم پور لوک سبھا سیٹ کے لیے 8 مزید امیدواروں نے نامزدگی داخل کی۔ امیدواروں میں آزاد امیدوار کے طور پر معراج دین، راشٹریہ کرانتی کاری سماج وادی پارٹی سے راجیش منچندا، انڈین نیشنل کانگریس سے چودھری لال سنگھ اورودیویا سورج پرتاپ سنگھ، انقلاب وکاس دل سے سچن گپتا، ایکم سناتن بھارت دل سے منوج کمار ، نیشنل پینتھرس پارٹی سے بلوان سنگھ اور آزاد حیثیت سے ڈاکٹر پنکج شرما نے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔

 

ان آٹھ امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے ساتھ ہی ادھم پور نشست کے لیے امیدواروں کی کل تعداد15 ہو گئی ہے۔جانچ پڑتال 28 مارچ 2024 کو ہوگی۔ 30مارچ کو کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں۔اس حلقے میں 19 اپریل کو انتخابات ہونے ہیں۔ادھرعام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی آج سے شروع ہوں گے۔ لوک سبھا 2024 کے عام انتخابات میں 12 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 88 پارلیمانی حلقوں کے لیے گزٹ نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر میں جموں نشست کیلئے آج سے کاغزات نامزدگیاں داخل کرنے کا عمل شروع ہوگا۔