بانڈی پورہ میں شبانہ آتشزدگی کی واردات،خاتون جھلس کر لقمہ اجل

بانڈی پورہ// شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے ٹکی شاہ گاؤں میں پیش آئی شبانہ آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک 35 سالہ خاتون جھلس کر لقمہ اجل بن گئی جبکہ رہایشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے سرکاری زرائع کے حوالے سے بتایا کہ خاتون کی شناخت نسیمہ بیگم زوجہ فیاض احمد خان سکنہ ٹکی شاہ گاوں کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون کے گھر میں گزشتہ شب اچانک آگ بھڑک اٹھی اور وہ اس میں پھنس کر رہ گئی، تاہم اسے بچانے کی بھرپور کوششیں کی گئیں لیکن اسے بچایا نہیں جا سکا۔
انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی میں گھر کے سامان سمیت مکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔
ایک پولیس اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔