آزاد پارٹی کو اقتدار ملا تو ’روشی ایکٹ‘ واپس لایا جائے گا: غلام محمد سروڑی

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے سینئر لیڈر اور اودھم پور حلقہ سے لوک سبھا امیدوار غلام محمد سروڑی نے جمعرات کو کہا کہ پارٹی کی تشکیل کا مقصد عوام کے مفاد کیلئے کام کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا، “ڈی پی اے پی اقتدار میں آئی تو روشنی ایکٹ کو دوبارہ واپس لایا جائے گا”۔
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے لیڈر غلام محمد سروڑی نے کہا کہ ڈی پی اے پی کی تشکیل کا مقصد جموں و کشمیر کے لوگوں کو راحت فراہم کرنا ہے جو عوام دشمن جماعتوں کی سیاسی چالوں میں بری طرح پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی خطوط پر سیاست سے بالاتر ہو کر ڈی پی اے پی ترقی پر توجہ مرکوز کرے گی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو راحت فراہم کرے گی۔
سروڑی نے کہا، “لوگ بی جے پی اور اس سے پہلے جموں و کشمیر پر حکومت کرنے والوں کی سیاست سے بہت ناراض ہیں۔ جموں اور اودھم پور سیٹوں سے نامزدگی بھرنے والوں نے پہلے ہی 10 سال ممبر پارلیمنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں لیکن وہ لوگوں کے لیے کوئی اقدام کرنے میں ناکام رہے۔ میں ایک نیا امیدوار ہوں اور امید کرتا ہوں کہ لوگ مجھے خدمت کا موقع دیں گے کیونکہ موجودہ دور میں ان کے پاس کوئی آپشن نہیں بچا ہے”۔
انہوں نے کہا کہ ڈی پی اے پی ہر ایک کے عقیدے کا احترام کرے گی اور کسی کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ نہیں کیا جائے گا گا۔
اُنہوں نے کہا، “ہم کمیونٹیز کو ایک دوسرے سے نہیں لڑائیں گے۔ ڈی پی اے پی ترقیاتی امور پر الیکشن لڑے گی۔ یہ ہماری اولین خواہش ہے کہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کیا جائے، زمین صرف مقامی باشندوں کیلئے مختص کی جائے“۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی سالوں کے دوران جموں و کشمیر میں بے روزگاری نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں جس کی وجہ سے نوجوانوں پریشانیوں اور منشیات کی لت میں مبتلاءہو گئے ہیں۔
سروڑی نے کہا، “ہم سیاست ترقی کے مسائل پر کرنا چاہتے ہیں۔ ڈی پی اے پی ہر حلقے میں مزید سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرے گی تاکہ نوجوانوں کو روزی روٹی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ روشنی ایکٹ کو بھی واپس لایا جائے گا۔ صارفین کے لیے بجلی مفت کی جائے گی، بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پایا جائے گا اور لوگوں کو گڈ گورننس فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے مسائل بروقت حل ہو سکیں”۔
ڈی پی اے پی لیڈر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے مختلف محکموں میں خدمات انجام دینے والے یومیہ اجرت ملازمین کو بھی مستقل کیا جائے گا۔ مقامی سطح پر مزید نوکریاں صرف مقامی نوجوانوں کے لیے مختص ہوں گی، اور اگر باہر کے لوگوں کو جگہ دینے کی ضرورت پڑی تو ڈی پی اے پی مقامی نوجوانوں کی حفاظت کے لیے ایکٹ لائے گی۔
کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے ڈی پی اے پی لیڈر نے کہا کہ یہ کانگریس پارٹی کی نااہلی ہے جس کی وجہ سے بی جے پی ملک پر حکومت کرنے میں کامیاب ہوئی۔
اُنہوں نے کہا، “اگر آج ملک کے لوگ مشکلات میں ہیں تو اس کی وجہ کانگریس پارٹی ہے کیونکہ وہ اپنے دور میں لوگوں کی پریشانیوں کو دور کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کی نااہلی نے بی جے پی کو ملک پر حکمرانی کرنے پر مجبور کیا”۔