یہ الیکشن جموں وکشمیر کی شناخت، وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانے سے متعلق ہے: محبوبہ مفتی

یو این آئی

اننت ناگ// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ اس بار کے لوک سبھا انتخابات جموں وکشمیر کی شناخت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے متعلق ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات جموں وکشمیر کے وسائل کو بچانے کیلئے ہیں۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک ریلی کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا، ‘آج بجلی، پانی اور سڑک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ آج کے الیکشن جموں و کشمیر کی شناخت کے متعلق ہیں’۔ان کا کہنا تھا، ‘آج ہمیں جموں و کشمیر کے وسائل اور شناخت کو بچانا ہے’۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہمیں جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے وقار کو بچانا ہے۔قبل ازیں انہوں نے ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ جموں وکشمیر میں بے روز گاری بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ‘ہمیں جیلوں میں بند نوجوانوں کی رہائی اور جموں و کشمیر کے تحفظ کے لئے مل جل کر کام کرنا ہے’۔ان کا کہنا تھا، ‘یہاں بجلی فیس 2 سو روپیہ ماہانہ تھا جو آج 2 ہزار روپیہ ماہانہ بن گیا ہے، لوگوں کو راشن برابر نہیں مل رہا ہے، ایسا نہ ہو کہ ہمیں غلام بنایا جائے’۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ‘میری آواز کا تب تک کوئی معنی نہیں ہے جب تک نہ لوگ میری آواز کے ساتھ آواز ملائیں گے’۔
انہوں نے کہا، ‘ہم خاموش نہیں رہ سکتے ہیں جب تک ہم زندہ ہیں ہم تب تک جد وجہد جاری رکھیں گے’۔