عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن// ضلع رام بن میں قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک ایک دلدوز سڑک حادثے میں 10 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں اور تمام لاشیں جائے حادثہ سے نکال لی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے کے نزدیک سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جموں سے سری نگر جارہی ایک تویرا گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور فی الوقت دس لاشوں کو کھائی سے نکالا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار یہ مسافر مزودر لگتے ہیں جو کام کے سلسلے میں سرینگر جا رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ گاڑی قریب ہزار فٹ کھائی میں گری تھی، جس سے اب تک 10 لاشیں نکالی گئی ہیں۔
ریسکیو آپریشن ایس ڈی آر ایف، پولیس، سول کیو آر ٹی رام بن اور دیگر رضاکار تنظیموں کے اہلکار شامل تھے۔
حادثے کے بعد بچاو کاروائیوں کی نگرانی کیلئے ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری ،ڈی ائی جی ڈوڈہ۔کشتواڑ۔رام بن رینج دھر پاٹل، ایس ایس پی رام بن انوج کمار، ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کے افسر بھی جائے حادثہ پرموجود تھے۔
متوفین کی شناخت ڈرائیور بلوان سنگھ عمر 47 سال ، ولد پورب سنگھ ساکنہ امب گروٹہ جموں، اندرجیت ولد سومی ناتھ، ادہیش ولد سومی ناتھ، وپن ولد وشنا ناتھ، راجن، کالیش، سندیپ ولد شیو منگل، راج کمار ولد بچو، رام بلاس ولد بڈبوری، ہری ولد چندر، سبھی تپراسی ریاست بہار کے رہنے والے ہیں۔
دریں اثنا مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندرا سنگھ نے اس دلخراش سڑک حادثے پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘رام بن کے چشمہ شاہی علاقے کے نزدیک جموں – سری نگر قومی شاہراہ پر پیش آنے والے دلدوز سڑک حادثے جس میں ایک ٹیکسی کے گہری کھائی میں جا گرنے سے 10 افراد کی موت واقع ہوئی، کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ رام بن بصیر الحق کے ساتھ بات کی’۔انہوں نے کہا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سیول کیو آر ٹی جائے واردات پر پہنچ گئے ہیں اور بچاﺅ آپریشن جاری ہے، میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں’۔
موصوف وزیر نے پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔