کامیاب جی 20 اجلاس شرارتی عناصر کیلئے بڑا سبق: ایل جی سنہا

سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو کہا کہ کشمیر میں کامیاب جی 20 میٹنگ نے شرارتی عناصر کو ایک بڑا سبق دیا ہے۔
دودھ کے عالمی دن کے موقع ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”کامیاب جی 20 اجلاس کا انعقاد ملک کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے بھی ایک بڑا سبق ہے جو ہمیشہ جموں و کشمیر میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں”۔
سنہا نے کہا کہ جی 20 اجلاس کے کامیاب انعقاد کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ دنیا کے دکھایا جائے کہ جموں و کشمیر 2019 کے بعد تبدیل ہوا ہے اور حالات مکمل طور پر بدل چکے ہیں، جموں وکشمیر میں تعمیر و ترقی ہو رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا،”جموں و کشمیر کے لوگوں نے جی 20 ایونٹ کو لے کر جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ 2019 کے بعد وزیر اعظم کی قیادت میں جموں و کشمیر میں تبدیلی آئی ہے۔ انتظامیہ اور وزیر اعظم مودی پر لوگوں کا اعتماد بڑھ گیا ہے اور جموں و کشمیر آگے بڑھ رہا ہے”۔
لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا کہ کشمیر کے وہ مقامات جو تشدد کے لیے مشہور تھے اب ترنگا ریلیاں منعقد کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا،”شوپیاں اور پلوامہ جیسی جگہیں جو دیگر وجوہات کی بناءپر مشہور تھیں اب ترنگا ریلیوں کی میزبانی کرتے ہیں اور 10ہزار سے زیادہ لوگ شرکت کرتے ہیں اور بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگاتے ہیں۔ یہ وہ تبدیلی ہے جو جموں و کشمیر نے گزشتہ تین سالوں میں دیکھی ہے”۔
بتادیں کہ تین روزہ – ٹورازم جی 20 ورکنگ گروپ میٹنگ- جو کہ جموں و کشمیر میں اگست 2019 کے بعد پہلی بڑی بین الاقوامی تقریب تھی، 25 مئی کو سری نگر میں اختتام پذیر ہوئی۔ میٹنگ میں تقریباً 60 غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔