سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو تین سال بعد پاسپورٹ جاری

سری نگر//پی ڈی پی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو 10 سال کی میعاد کے ساتھ پاسپورٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
دہلی ہائی کورٹ میں طویل قانونی لڑائی کے بعد محبوبہ کو بالآخر پاسپورٹ جاری کر دیا گیا۔ جس کی میعاد 2019 میں ختم ہو گئی تھی اور تب سے وہ اس کی تجدید کی کوشش کر رہیں تھیں۔ نئے پاسپورٹ کی معیاد یکم جون 2023 سے 31 مئی 2033 تک ہے۔
یاد رہے کہ دہلی ہائی کورٹ نے رواں برس مارچ میں پاسپورٹ اتھارٹی سے کہا تھا کہ وہ پی ڈی پی سربراہ کو تازہ سفری دستاویز جاری کرنے پر تین ماہ کے اندر فیصلہ کرے۔
عدالت کا یہ حکم محبوبہ کی ایک درخواست پر آیا تھا جس میں پاسپورٹ حکام کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ نیا پاسپورٹ جاری کرنے سے متعلق ان کی اپیل پر جلد فیصلہ کریں۔
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے اپنی درخواست میں کہا کہ یاد دہانیوں کے باوجود انہیں نیا پاسپورٹ جاری کرنے میں کافی تاخیر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی اپیل پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا رہا ہے۔
مرکزی حکومت کے وکیل نے عدالت کو مطلع کیا تھا کہ اپیل پر 2 مارچ کو ایک حکم جاری کیا گیا تھا اور یہ معاملہ جموں و کشمیر کے پاسپورٹ افسر کو دوبارہ غور کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
رواں برس فروری میں، محبوبہ نے پاسپورٹ کے اجراءکے لیے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے مداخلت کی درخواست کی تھی، یہ کہتے ہوئے کہ وہ اپنی 80 سالہ ماں کو مکہ کی زیارت پر لے جانے کے لیے گزشتہ تین سالوں سے اس کا انتظار کر رہی تھیں۔
اسی دوران مارچ 2021 میں، محبوبہ اور ان کی والدہ کو پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا تھا جب جموں اور کشمیر پولیس نے “منفی رپورٹ” کا حوالہ دیا تھا۔