خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر اننت ناگ پارلیمانی نشست پر الیکشن موخر کرنا ناگزیر: رویندر رینہ

File Photo

یو این آئی

جموں// جموں وکشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے جمعے کے روز کہاکہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر الیکشن کمیشن کی جانب سے چناو موخر کرنے پرغور کیا جارہا ہے۔
محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کی جانب سے الزامات عائد کرنے پر رویندر رینا نے کہاکہ الیکشن موخر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو کرنا ہے۔
جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران رویندر رینہ نے کہاکہ اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر الیکشن موخر کرنے کے حوالے سے کشمیر صوبے کی سیاسی پارٹیوں نے بھی چناو کمیشن سے رجوع کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اگر کوئی فیصلہ لیتا ہے تو یہ ان کے حد اختیار میں ہے بی جے پی کا اس سے کوئی واسط ہی نہیں۔

Click here to follow Kashmir Uzma on WhatsApp
رویندر رینا نے کہاکہ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کی جانب سے بھاجپا پر الزامات عائد کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔
رویندر رینہ نے کہا، ’محبوبہ مفتی کو گزشتہ روز راجوری جانا تھا لیکن خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے انہیں کئی گھنٹوں تک شاہراہ پر درماندہ ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ پیر کی گلی اور مغل شاہراہ پر برف باری ہو رہی ہے جس وجہ سے شاہراہ بند پڑی ہوئی ہے۔
ان کے مطابق اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر 25امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے اور اب انہیں اننت ناگ اور راجوری میں چناوی ریلیاں منعقد کرنے میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔
بی جے پی صدر نے کہاکہ محکمہ موسمیات نے پھر سے ایڈوائزری جاری کی اور اسی وجہ سے الیکشن کمیشن چناوموخر کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جمہوری نظام عوام طاقت کا سرچشمہ ہوتا ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے جو بھی فیصلہ آئے گا وہ ہر ایک کو تسلیم کرنا ہوگا۔