بھارت میں مزید 18ہزار سے زائد کورونا مثبت معاملات کی تصدیق 

 

نئی دہلی//ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملات میں ایک بار اضافہ شروع ہو گیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے نئے معاملات میں زبردست اچھال دیکھنے کو ملا ہے۔

مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 18930 نئے معاملے سامنے آئے اور 35 لوگوں کی موت ہو گئی۔

اس دوران 14650 لوگ صحت یاب ہوئے ہیں، یعنی ملک میں کورونا انفیکشن کے سرگرم معاملے اب بڑھ کر 1 لاکھ 19 ہزار 457 ہو گئے ہیں۔

اسی دوران مہاراشٹر میں بڑی تعداد میں کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3142 نئے معاملے سامنے آئے اور سات مریضوں کی موت ہو گئی۔

محکمہ صحت کی طرف سے جمعرات کو جاری بلیٹن کے مطابق نئے معاملوں کے ساتھ مجموعی متاثرین کی تعداد 79 لاکھ 93 ہزار 51 ہو گئی ہے۔

مہاراشٹر میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 47 ہزار 956 پہنچ گئی ہے۔

بہرحال، مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3142 مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی کورونا سے پاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 78 لاکھ 25 ہزار 114 ہو گئی ہے۔ اب بھی 19 ہزار 981 سرگرم معاملے ہیں جن کا مختلف اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔