راجوری میں وی پی این استعمال کرنے پر نوجوان کے خلاف مقدمہ درج

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

راجوری// راجوری پولیس نے موبائل فون میں ممنوعہ وی پی این استعمال کرنے پر ایک اور شخص کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سٹیشن ہاوس آفیسر (ایس ایچ او) دھرمسال، وکاس کمار کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم معمول کی گشت پر تھی جب انہوں نے کچھ لوگوں کو معمول کی تلاشی کے لیے روکا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ مقامی شخص محمد دیشان ولد محمد ایوب ساکن بریہوی کالاکوٹ نے اپنے فون میں تین وی پی این سافٹ ویئر ڈاون لوڈ اور انسٹال کیے ہیں اس طرح ڈی ایم کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ متعلقہ شخص کے خلاف راجوری کے دھرمسال پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی راجوری امرت پال سنگھ (آئی پی ایس) نے بتایا کہ پولیس کی کارروائی کا یہ تیسرا واقعہ ہے کیونکہ راجوری ضلع میں گزشتہ دو دنوں کے دوران اس طرح کے دو کیس پہلے ہی درج کیے جاچکے ہیں۔