کشمیر میں انتخابات کیلئے ’فول پروف‘ سیکورٹی بندوبست کیے گئے ہیں: آئی جی پی کشمیر

File Photo: IGP Kashmir V K Bhirdi

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردھی نے جمعہ کو کہا کہ کشمیر میں انتخابات کے لئے وسیع حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور بین ضلعی چیک پوائنٹس اور علاقے کے تسلط میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔
اپنے دفتر کے چیمبر میں نامہ نگاروں کے ایک منتخب گروپ سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ ہموار پولنگ اور ووٹروں کی بڑی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا، “جو بھی لازمی حفاظتی انتظامات کی ضرورت تھی، ان کا خیال رکھا گیا ہے”۔
آئی جی پی نے کہا کہ پولیس نے مرکزی فورسز کے ساتھ مل کر بین الاضلاع چیک پوائنٹس کو اپ گریڈ کیا ہے اور علاقے کے تسلط کو مزید تقویت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کی تعیناتی الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے مقررہ فارمیٹ کے مطابق کی گئی ہے۔ “ہم الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط پر عمل کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ حفاظتی انتظامات فول پروف ہوں”۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں امن دشمن عناصر کی سرکوبی کو یقینی بنانے کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں اور علاقے پر تسلط کو مزید تیز کیا جائے گا۔
سرینگر لوک سبھا حلقہ پر پیر (13 مئی) کو انتخابات ہوں گے، اس کے بعد بالترتیب 19 مئی اور 25 مئی کو شمالی کشمیر اور جنوبی کشمیر کی نشستوں پر ووٹنگ ہو گی۔