افغانستان زلزلہ: ہندوستان تمام ضروری مدد فراہم کرے گا

نئی دہلی// افغانستان میں شدید زلزلے سے جان و مال کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان نے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے یہاں ٹویٹر پر کہا کہ ہندوستان افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں اور ان کے خاندانوں کے تئیں اپنی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ضرورت کی اس گھڑی میں انہیں ہر مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘
افغانستان کے پکتیکا اور خوست صوبوں میں کل رات گئے آنے والے شدید زلزلے میں 900 سے زائد افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ افغانستان کی خبر رساں ایجنسی طلوع نیوز کے مطابق ملک کے وزیر مملکت برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ شرف الدین مسلم نے میڈیا کو بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں 920 افراد ہلاک اور 610 زخمی ہوئے ہیں۔