جموں وکشمیر میں بہت جلد اسمبلی انتخابات ہوں گے،وزیر اعلیٰ بھاجپا کاہوگا:ترون چگھ

File Photo

جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگھ نے جمعہ کو کہا کہ جموں وکشمیر میں بہت جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بھاجپا اگلی سرکار بنانے میں کامیا ب ہوجائے گی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ بھاجپا جموں وکشمیر میں جلد چناو کرانے کے حق میں ہے اور اس ضمن میں بی جے پی نے سبھی کانٹوں کو دور کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن ووٹنگ فہرستوں پر اعتراضات کی خاطر سیاسی پارٹیوں کو اپنی آراء پیش کرنے کے بارے میں آگاہ کریں گے اور اُس کے بعد کسی بھی وقت چناو ہونگے۔
قومی جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی اور اگلا وزیر اعلیٰ بھی بھاجپا کا ہی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ملک کے سبھی فرقوں سے وابستہ لوگوں نے وزیر اعظم مودی پر بھروسہ جتایا ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ آنے والے پارلیمان انتخابات جو سال 2024میں ہونے جارہے ہیں بھاجپا واحد بڑی پارٹی کے طورپر اُبھر کر سامنے آئے گی۔
چگھ کے مطا بق گجرات چناو میں بی جے پی کو جس طرح سے لوگوں نے سپورٹ کیا اُس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا،’لوگوں نے بی جے پی پر بھروسہ کیا اور جموں وکشمیر کے اسمبلی انتخابات میں بھی لوگ بی جے پی اُمیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے”۔