امت شاہ کا 3روزہ دورہ جموں وکشمیر:2عوامی ریلیوں سے کریں گے خطاب

سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 3اکتوبر سے جموں و کشمیر کا تین روزہ دورہ شروع کریں گے۔ شاہ 3اکتوبر کی رات بی جے پی کی جموں وکشمیر یونٹ کے رہنماؤں کے ساتھ دو میٹنگیں کریں گے۔ تاہم، وہ 4اکتوبر کی صبح ماتا ویشنو دیوی مندر میں پوجا کریں گے۔ یہ دورہ جاری نوراتری تہوار کے 9ویں دن ہوگا۔
اس کے بعد شاہ راجوری میں ایک عوامی میٹنگ کریں گے اور جموں کے رگھوناتھ مندر میں پوجا کریں گے۔
وہ وادی کشمیر جانے سے پہلے جموں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کریں گے۔ شام کے بعد وزیر داخلہ خطے کی سلامتی کی صورتحال کے حوالے سے کئی اہم ملاقاتیں کریں گے۔
۔5اکتوبر کو شاہ بارہمولہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وہ کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔
ان کے وادی کے دورے کے دوران مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ریاستی کور گروپ کی میٹنگ اور پارٹی ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز کے ساتھ میٹنگ سمیت کئی تنظیمی میٹنگیں بھی منعقد ہوں گی۔
یاد رہے کہ اگست 2019میں مودی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد سے امت شاہ کا جموں و کشمیر کا یہ دوسرا دورہ ہے۔