سری نگر میں جنگجو گرفتار، اسلحہ برآمد:پولیس

سرینگر//سری نگر پولیس نے جمعرات کو سری نگر کے پالپورہ علاقے میں قائم ایک خصوصی ناکہ کے دوران انصار غزوۃ الہند کے ایک جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سرینگر پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا،”انصار غزوۃ الہند سے وابستہ ایک جنگجو ،جنید احمد پرے سکنہ نواکدل کو سری نگر پولیس اورفوج کی 24آر آر کی مشترکہ ٹیم نے پالپورہ، سری نگر سے گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے ایک پستول، میگزین اور زندہ راؤند بھی برآمد ہوئے۔ صفاکدل پولیس تھانہ میں یو اے پی اے کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے”۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا، ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس اور فوج کو دیکھ کر ایک مشتبہ شخص نے پالپورہ پل کے قریب دھان کے کھیتوں کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق متعلقہ شخص کی شناخت جنید احمد پرے ولد فاروق احمد پرے سکنہ باری پورہ نواکدل سرینگر کے بطور ہوئی ہے۔
گرفتار شخص کی تلاشی کے بعد اُس کے قبضے سےایک پستول، ایک میگزین اور پستول کے 05 راؤند برآمد ہوئے ہیں۔
صفاکدل پولیس تھانہ میں یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔