آزادیٔ صحافت!
  قلم کی حرمت فکر کی عظمت
حدیثِ دل
 ڈاکٹر سیّد احمد قادری
اس  سال بھی ہر سال کی طرح۳ ؍ مئی کوعالمی یوم آزادیٔ صحافت منایا  گیا ۔اس مناسبت سے دنیا بھر میں بہت سر گرمیاں دیکھی گئیں ۔ ا سدن کے حوالے ے  راقم الحروف آزادیٔ صحافت اور ملک کی موجودہ صحافت سے متعلق چند باتیں پیش ہیں ۔ ہم اس بات سے قطعی انکار نہیں کر سکتے ہیں کہ عہد حاضر میںاخبارات اور ٹیلی ویژن نے جس طرح ہر گھر میں اپنی جگہ بنا لی ہے، اس سے اس کی روز بروز بڑھتی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔اسی مقبولیت، اہمیت اور افادیت کے پیش نظر ۳؍ مئی  کے دن کو اقوام متحدہ نے آزادیٔ صحافت کے لئے مخصوص کیا ہے۔ 
  صحافت ، خواہ جس زبان کی ہو ، اس کی اہمیت اور افادیت کو ہر زمانہ میں تسلیم کیا گیا ہے۔ ہماری سماجی، سیاسی، معاشرتی، تہذیبی اوراقتصادی زندگی پر جس شدت کے ساتھ اس کے اثرات مثبت اورمنفی دونوں طریقے سے مرتبہوتے رہے ہیں ،اس کا بہر حال اعتراف تو کرنا  ہی ہوگا۔صحافت ترسیل وابلاغ کا اتنا مؤثراور طاقتور ذریعہ ہے اورواقعات حاضرہ کی معلومات بہم پہنچانے کااتنا بہتر وسیلہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے حکومتی شخصیات ، سماجی پیشواؤں، سیاسی رہنما ؤںاور مشاہیرادب نے نہ صرف اس کی بھرپور طاقت کے سامنے سرتسلیم خم کیا بلکہ اپنے افکار واظہار کی تشہیر کے لیے صحافت سے منسلک بھی رہے ۔ تاریخ شاہد ہے کہ صحافت نے کتنے ہی ملکوں کے تختے پلٹ دئے، بڑے بڑے انقلابات کوجنم دیا اورظالم حکمرانوں کے دانت کھٹے کردئے۔ عالمی پیمانہ پر ایسے کئی مقام آئے، جب صحافت کی بے پناہ طاقت، اس کی عوامی مقبولیت اوراس کی تنقید سے خوف زدہ ہوکر اس پرپابندیاں عائد کی گئیں۔ صحافت نے جیسے جیسے بتدریج ترقی کی ، ویسے ویسے اس کی مقبولیت، اہمیت اورافادیت بڑھتی گئی اورلوگوںکومتوجہ کرانے میں کامیاب بھی ہوتی گئی ۔ اس طرح صحافت انسانی زندگی کا ایک اہم حصہ بن گئی۔صحافت کی ان خصوصیات اور انقلابی طاقت سے متاثر ہو کر کبھی اکبر ؔالہ آبادی نے کہا تھا    ؎
 کھینچو نہ کمانوں کو ، نہ تلوار نکالو
 جب توپ،مقابل ہو تو اخبار نکالو
  اس کا مطلب یہ ہوا کہ صحافت اتنی موثر اور طاقتورہے کہ اس کے سامنے تیر، کمان، بندوق اورتوپ کی بھی اس قدر اہمیت نہیں ہے۔ مندرجہ بالا شعر کہتے وقت اکبرؔ الٰہ آبادی کے ذہن میںیقینا تاریخ کے جانے مانے جرنیل اور اپنے عہد کے عظیم ڈکٹیٹر نیپولین بونا پاٹ کا یہ مشہورمقولہ رہا  ہوگا، جس میںاس نے صحافت کی طاقت کے سامنے سرنگوں ہوتے ہوئے کہا تھا  :
    " I fear three newspapers more than a hundred  thousand bayonets"
یعنی’’لاکھوں سنگینوںسے زیادہ میں تین اخبار سے خوف زدہ رہتا ہوں‘‘۔
  نیپولین بوناپاٹ کا یہ خوف یقینی طورپر صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس نے ضرور اس بات کومحسوس کیا ہوگا کہ دشمن کی صفوں میںانتشاربرپا کرنے میں توپ اورتفنگ، لائو لشکر، تیر، تلوار کے ساتھ ساتھ ہاتھیوں، گھوڑوں اورفوجیوں کی بے پناہ طاقت، صحافت کے سامنے کند ہے۔ جو کام صحافت سے لیا جاسکتا ہے،وہ توپ اوربندوقوںسے بھی نہیں لیا جاسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے عظیم مفکر، دانشور، سربراہ، مصلح، سیاستداں اوررہنما اس کی اہمیت کے ہمیشہ معترف اورقائل رہے ہیں،لیکن جب صحافت پر سیاست حاوی ہونے لگی اور دنیا کے بڑے بڑے صنعت کار ، دولت مند اور بعض ممالک کی حکومتیں، صحافت کی بے پناہ طاقت کا اپنے مفاد میں استعمال کرنے لگیں ،تب ایسے حالات سے متاثر ہو کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1991 ء کی اپنی 26ویں اجلاس میں منظور قرارداد کو نافذکرتے ہوئے  1993ء سے ہر سال  3 ؍ مئی کو عالمی سطح پر یوم آزادیٔ صحافت کے انعقاد کا فیصلہ کیا ،جس کے تحت صحافتی تحریروں پر پابندی لگانے، انہیں سنسر کرنے، جرمانہ عائد کرنے نیز صحافیوں کو زدوکوب کئے جانے ، ان پر جا ن لیوا حملہ کئے جانے ، انھیںاغواکئے جانے اور انہیں بے دردی سے قتل کئے جانے پر غور و فکر کرنے اور ان کے سدباب کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ایسے حالات سے نپٹنے ، حکمت عملی تیار کئے جانے اورحکومت وقت کو انتباہ کئے جانے پر زور دیا گیا ہے۔ 
   یونیسکو نے ایسے مقامی اور عالمی سطح کے اداروں ، شعبوں ، این جی اوز وغیرہ کوصحافتی حفاظت ، آزادیٔ صحافت اور ترقی ٔ صحافت کے لئے مثبت اقدام اور اس ضمن میں غیرمعمومی خدمات کے لئے  1997 ء سے چودہ آزاد صحافیوں کی جیوری سمیت یونیسکو کے اسٹیٹ ممبران کی سفارش پر کولمبیا  کے ایک اخبار El Espectador   کے مقتول صحافی   Guillermo cano isaza جو کہ 17 ؍دسمبر1986  ء کو کولمبیا کے ایک بہت بڑے اور دولت مندصنعت کار کے خلاف لکھنے کی پاداش میں ہلاک کر دیا گیا تھا ، ان کے نام پر ایک باوقار ایوارڈ کا فیصلہ کیا گیا تاکہ نہ صرف جمہوریت کا استحکام اور اس کا افادی پہلو کا دائرہ وسیع ہوبلکہ مفاد عامہ کے لئے صحافت اور صحافتی خدمات پر مامور صحافیوں کی اہمیت اور افادیت کو تسلیم کیا جائے کہ کس طرح نامساعد حالات میںعوامی مفاد کے لئے رائے عامہ تیار کرتے ہیں ۔ اس کے لئے  1سے3  مئی 2011 ء میں امریکہ کے واشنگٹن شہر میں عالمی یوم آزادیٔ صحافت کا جلسہ بڑے پیمانہ پر انعقادکیا گیا  اور اس موقع پر اکیسویں صدی کے میڈیا  اور اس کی بنیادی آزادی پر کئی ممالک کے مندوبین نے بحث و مباحثہ میں حصّہ لیا تھا ۔ اس معاملے کا افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ان تمام کوششوں کے باوجود دنیا کے بیشتر ممالک بشمول بھارت میں آزادیٔ صحافت پر پہرے بٹھائے جانے ، صحافیوں پر  پُر  تشددحملے اور قتل کے واقعات تیزی سے بڑھ ہیں۔ امریکی فریڈم ہاؤس کی جانب سے جاری ایک جائزہ کے مطابق گزشتہ سال 70  ممالک میںصحافتی آزادی ، 61 ممالک میں جزوی طور پر اور 64 ممالک میں آزادیٔ صحافت پر مکمل پابندی رہی۔ سوویت یونین ، مشرق  وسطیٰ اورشمالی افریقہ میں صحافت کی آزادی سلب رہی ، جب کہ اسرائیل ، اٹلی اور ہانگ کانگ میں ایران ، لیبیا، شمالی کوریا ، میانمار، روانڈا اور ترکماستان وغیرہ میں صحافت ،اپنی آزادی کے لئے کراہتی رہی۔ آزادیٔ صحافت یعنی Press freedomکے ضمن میں ایک سروے کی رپورٹ کے مطابق 2017   میں180 ممالک میں ہمارا ملک بھارت تین پائدان نیچے گر اب136 ویں پائدان پر آ گیا ہے۔
 آزادیٔ صحافت کو جس طرح مختلف مما لک میںسلب کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں اور آئے دن جس طرح صحافیوں کو یرغمال بنا کر اور پھر انہیں جس بے دردی سے ہلاک کیا جا رہا ہے ، وہ ایک انتہائی افسوسناک  امرہے ۔ کچھ عرصہ پہلے کی خبر ہے کہ افغانستان  کے شہر کابل میں خودکش حملے میں دس صحافیوں کی موت ہو گئی ۔چندسال قبل بھی اسلامی مملکت کے جنگجوؤں کے ذریعہ لیبیائی ٹیلی ویژن کے لئے کام کرنے والے پانچ صحافیوں کو بہت بے دردی کے ساتھ قتل کر دئے جانے کی خبر منظر عام پر آئی تھی۔ مشہور سعودی صحافی جمال خشوگی کا جس رحمی س ترکی استنبول کے سعودی قونصل خانہ میں قتل کیا گیا،اس المیہ نے پوری دنیا کے صحافیوں کے تحفظ پر سوال کھڑے کر دئے ہیں۔ ایسی اندوہناک خبریں اب اکثر کئی ممالک کے مختلف حصوں سے آتی رہتی ہیں جن کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔ 
    ہم اس امر سے ہم انکار نہیں کر سکتے ہیں کہ اظہار رائے کی آزادی اور انسانی حقوق کے الفاظ معاصر منظر نامے میں بے معنی اور بے وقعت ہوتے جا رہے ہیں ۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے ، لیکن قلم اور کیمرے کو جس طرح جبر و تشدّد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اورآزادیٔ صحافت اور اس کی آواز کو دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ، وہ بہت ہی تشویش ناک ہے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ میڈیا پر ہی یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ میڈیا ،حکومت پر مثبت تنقید کے بجائے الزام تراشیاں کر رہا ہے، جس کے باعث  جمہوریت کمزور پڑ رہی ہے اور حکومت غلط راہوں پر جانے پر مجبور ہو رہی ہے ۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ جمہوریت اور اس کے استحکام ، سیکولرزم کے فروغ اور سماج کا رُخ موڑنے میں صحافت نے جو رول ادا کیا ہے ، انہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ،لیکن الزام تراشی کے گرم بازار کا ذکر کرنے والے خود صحافت پر کس قدر اوچھے اور نازیبا الزمات لگا رہے ہیں ، وہ اسے بھول جاتے ہیں ۔ ابھی زیادہ دن نہیںہوئے ہیں کہ بھارت کے مرکزی حکومت کے ایک وزیر اور سابق فوجی افسر کرنل وی کے سنگھ نے جن  کڑے الفاظ میں ملک کی صحافت پر الزام لگایا ہے، وہ بہر حال قابل قبول نہیں ہے ۔ دوسری جانب ہمارے ملک کے بکاؤ میڈیا  کا یہ حال ہے کہ ان کے لئے تجوریوں کا منہ کھول دیا گیا ہے کہ صحافت اب خالص تجارتی لین دین بن گئی ہے ۔ اس نوع کے خود غرض میڈیا کو’’ گودی میڈیا ‘‘کا نام دیا گیا ہے ۔ بھارت میں اس وقت یہاں کا میڈیا خاص طور پرہندی نیوز چینل اور ہندی اخبارات سب سے زیادہ، صحافت کو بدنام کئے ہوئے ہیں۔ یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ یہ بدنام زمانہ میڈیا کارپوریٹ کے اشارے پر کام کرنے پر مجبور ہیں ۔ اس وقت ملک میں اخبار اور صحافیوں کو پہلے دولت کی لالچ دی جاتی ہے ، وہ تیار ہو گئے تو ٹھیک ، ورنہ انھیں مختلف حریوں سے  زیرکرا ئے جانے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا ہے یا پھر مختلف مقدمات میں پھنسا دیا جاتا ہے ۔ گوری لنکیش کو خریدا نہیں جا سکا ، تو انہیں گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا اور بلاس پور کے ایک معروف صحافی کمل شکلا کو ایک کارٹون شیٔر کرنے کی پاداش میں وطن سے غداری کا الزام کا کیس درج کیا گیا ہے ۔ انجہانی جسٹس لویا کے قتل کے معاملے میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف مواخذہ تک کی نوٹس کی نوبت آ گئی ، پھر اس موضوع پر لکھنے کے جرم میں مقدمہ کیوں درج کیا گیا ؟ یہ سوال ہے کمل شکلا کا ، انہوں نے اپنے ایک بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ ملک کے آدھے سے زیادہ میڈیا گھرانوں کو خرید کر جمہوریت کی ریڑھ توڑ دی گئی ہے ۔  افسوس کہ ایسی آواز اب ملک کی چہار جانب سے اٹھنے لگی ہے ۔ ملک کے اندر ہونے والے صحافیوں کے قتل پرپریس کونسل آف انڈیا کے سربراہ جسٹس سی کے پرساد نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ میڈیا کی آزادی کے لئے یہ کوئی اچھا شگون نہیں ہے ۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت دنیا بھر کے دو سو سے زیادہ صحافی مختلف ممالک کے جیلوں میں قید رہ مشکل حالات سے گزر رہے ہیں ۔اس کا مطلب یہی ہوا کہ مختلف ممالک کی حکومت میڈیا کی آزادی سلب کرنے اور ان پر پہرے بٹھانے کی ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہے ۔پڑوسی ملک پاکستان کا  بھی حال  اچھا نہیںہے۔ یہاں گزشتہ پانچ سال میں 26؍ صحافیوں کا قتل ہو چکا ہے ، جن کے قاتل ابھی تک قانون کی گرفت سے باہر صرف اس لئے ہیں کہ انہیں مقتدر لوگوں کی سرپرستی حاصل رہی ہے ۔ ڈی ڈبلیو کے مطابق پاکستان کو دنیا بھر میں صحافیوں کے لئے خطرناک ترین ممالک میں ایک سمجھا جاتا ہے ۔ اس سب کے باوجود ہمیں خوشی ہے کہ آج بھی جب کہ دنیا  کے بیشتر ممالک کی صحافت، صارفیت کے چنگل میں کراہ  رہی ہے۔،پھر بھی کچھ ایک واقعات کو چھوڑ کرصحافی اپنی پوری پیشہ ورانہ ذمہ داری غیر جانب داری ، بے باکی ، بلند حوصلہ اور جرأت مندی کے ساتھ جمہوریت اور اس کے استحکام کے ساتھ ساتھ انسانی اقدارو افکار کے لئے اپنے فرائض کو پوری ذمہ داریوں کے ساتھ انجام دے رہے ہیں ۔ ایسے جرأت مند اور بے باک صحافیوں کے رہتے ہوئے ، ہمیں یقین ہے کہ صحافت کی جو اعلیٰ قدریں برس ہا برس سے وضع ہوئی ہیں ، وہ پامال نہیں ہوں گی اور ایسے کچھ صحافی جو وقتی منعفت اورعارضی مفاد کے لئے راہ بھٹک جاتے ہیں  یا نیلام ہوجاتے ہیں ، وہ بھی دیر سویر اپنی ذمہ داریاں محسوس کر چکے صحافت کو تجارت تصور کرنے کی بجائے ایک پاک مشن کے طور پر قبول کرتے ہوئے صحافت کو عبادت کا درجہ دیں گے۔آج ہمیں آزادیٔ صحافت کے تعلق سے پر اپنا محاسبہ ضرور کرنا چاہئے اور دیکھنا چاہیے کہ کیا ہم اس پیشے کی ناقابل تغیر پاکیزہ اقدار کا تحفظ دل و جان سے کر رہے ہیں ؟ 
 رابطہ: 9934839110
email: [email protected]    
