کلن گنڈکنگن میں جموں کشمیر بنک کھولنے کا مطالبہ 
غلام بنی رینہ
 
کنگن// کلن گنڈ کنگن میں جموں کشمیر بنک نے اپنی شاخ کھولنے کیلئے ایک عمارت کوکرایہ پر لیا ہے جس پر بورڈ بھی نصب ہے لیکن عملی طور کام کاج شروع نہیں کیا گیاحالانکہ بنک اس عمارت کیلئے گذشتہ پانچ ماہ سے کرایہ بھی ادا کررہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں جموں کشمیر بنک کی شاخ کھولنا اُن کی ایک دیرینہ مانگ تھی تاکہ کلن اور اس کے مضافاتی علاقوں کے تاجروں اور عام صارفین کو سہولت ہو۔انہوں نے کہاکہ گنڈ شاخ میں کافی رش رہتاہے اورانہیں وہاں پہنچنے میںطرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق عمر رسیدہ افرادکو زیادہ ہی دقتیں پیش آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اس مانگ کے پیش نظر بنک حکام نے کلن میں ایک عمارت کا انتخاب کیا اور گذشتہ پانچ ماہ سے اس عمارت کا کرایہ بھی ادا کیا جارہا ہے بلکہ اس عمارت پر باضابطہ بنک کا بورڈ بھی نصب ہے لیکن ایک سال گزر چکا ہے بنک میں ابھی تک کام کاج شروع نہیں ہواجس کی وجہ سے عوام میں بنک انتظامیہ کے تئیں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ موسم سرما کے دوران یہاںکبھی بھی سڑک بند ہو جاتی ہے اور اُس وقت صارفین کو گنڈ شاخ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگوں نے بنک کے چیئرمین آر کے چھبر سے مطالبہ کیا ہے کہ کلن گنڈ میں بنک شاخ شروع کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔