۔10دسمبر تک موسم سرد تر رہنے کی پیش گوئی دھندلی صبح وشام اور راتوں میں مزید ٹھنڈ پڑیگی

پرویز احمد

سرینگر// وادی کشمیر اور لداخ میں دھندلی صبح ،خشک موسم، تھوڑی سی دھوپ اور راتیں سرد ہونے کا موسم جاری ہے۔وادی میں سردی کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی اورسرینگر میں اس سیزن میں اب تک کی دوسری سرد ترین رات منفی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ وادی میں10دسمبر تک موسم خشک اور سرد رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ تب تک اسی طرح دھندلی صبح و شام ، دن میں تھوڑی سی دھوپ اور راتیں سرد رہنے کا سلسلہ جاری رہیگا۔سونم لوٹس نے کہا ’’نومبر کے مہینے میں امسال زیادہ بارشیں اور برفباری نہیں ہوئی، ویسے بھی نومبر کے مہینے میں موسم زیادہ تر خشک رہتا ہے تاہم 2018اور 2019میں ریکارٖ توڑ برفباری اور بارشیں ہوئیں‘‘۔انکا کہنا تھا کہ فی الحال 10دسمبر تک صبح و شام اور رات کو ٹھنڈ پڑے گی ،سردی مزید بڑھے گی اور کم نہیں ہوگی۔انکا کہنا تھا کہ دن میں تھوڑی دھوپ نکلا کرے گی لیکن صبح کے وقت دھند چھائی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امسال نومبر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.1 رہا۔انہوں نے کہا کہ نومبر میں درجہ حرارت منفی 4ڈگری تک بھی ریکارڈ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو سرینگر میں منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت دیکھا گیا جو اس موسم کی اب تک کی سرد ترین رات تھی۔قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 1.6 ، پہلگام میں پارہ منفی 3.8 ، کوکرناگ میںمنفی 0.3 اور گلمرگ میںمنفی 1.0 کے علاوہ کپواڑہ قصبے میں پارہ منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔جموں میں 9.3 ، بانہال میں 1.2، بٹوٹ 4.7 ، کٹرہ 9.0 اور بھدرواہ میں 3.0 ریکارڈ کیا گیا۔ادھر لیہہ میں منفی 7.0 ، دراس میں پارہ منفی 10.0 درج کیا گیا۔