یونین پبلک سروس کمیشن نتائج کا اعلان | بھدرواہ کی انمول راٹھور پہلے 10میں شامل جموں و کشمیر کے11 امیدوار سول سروس امتحان میں کامیاب

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جموں کشمیر اینڈمنسٹریٹیو سروس کی ٹاپر انمول راٹھور نے یو پی ایس سی کے نتائج میں آل انڈیا سطح پرساتویں رینک حاصل کی ہے۔ راٹھور کے علاوہ جموں و کشمیر کے دس دیگر امیدواروں نے بھی انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس میں جگہ بنا لی ہے۔ شارٹ لسٹ کئے گئے 1016 امیدواروں میں سے انمول راٹھور نے 7واں رینک حاصل کیا ہے۔ اس کا تعلق اڈرانا گائوں بھدرواہ سے ہے اور وہ گجرات نیشنل لا یونیورسٹی، گاندھی نگر سے لا گریجویٹ ہے۔انہوں نے 2022میں کشمیر اینڈمنسٹریٹیو سروس میں اول پوزیشن حاصل کی تھی۔ ان کے بعد، ارجن گپتا نے 32 واںرینک حاصل کیا۔منان بٹ نے 88ویں اور ہرنیت سنگھ سودن نے 177 واں رینک حاصل کیا۔ محمد حارث میر نے 345 رینک، محمد فرحان سہہ نے 369، اپراجیتا آرین نے 381، غلام مایا دین نے8 38، سوورن شرما نے 412، سیرت باجی نے 516 اور دنیش کمار نے 1003 واں رینک حاصل کیا۔رواں سال، آدتیہ سریواستو نے پہلی پوزیشن حاصل کی، اس کے بعد انیمیش پردھان نے 2، اور ڈونورو اننیا ریڈی نے 3 پوزیشن حاصل کی۔ مجموعی طور پرتقریباً 1,016 امیدواروں نے سول سروسز امتحان 2023 میں کامیابی حاصل کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ یونین پبلک سروس کمیشن کے مطابق 50سے زیادہ مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر کامیاب ہونے والے 1016 امیدواروں میں دومسلم امیدواروں کے نام سرفہرست 10امیدواروں میں شامل ہیں۔اس سال جامعہ ملیہ اسلامیہ ، نئی دہلی کی ریسیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی ، سینٹر فار کوچنگ اینڈ کیریئر پلاننگ کے کل 31 امیدواروں نے یہ امتحان پاس کیا ہے۔