پرنوٹ سیلائنڈنگ: گول سب ڈویژن میں ہنوز بجلی اور سڑک رابطہ منقطع لوگ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ،رابطے منقطع ، ہنگامی بنیادوں مسائل حل کرنے کی اپیل

 زاہد بشیر

گول// ضلع صدر رام بن سے صرف پانچ کلو میٹر دور علاقہ پرنوٹ میں اراضی کھسکنے کے ساتھ ہی ضلع کا قریباً آدھ حصہ علاقہ جس میں سب سے زیادہ سب ڈویژن گول آتا ہے بالخصوص بجلی اور سڑک رابطہ سے منقطع ہو چکا ہے ۔ رام بن تحصیل کے کنگا ، ٹنگر ، کبی ،گاندھری ، دھرم کنڈ علاقے آتے ہیں جبکہ پورا سب ڈویژن گول اس کے زد میں آیا ہے ۔ پانچویں روز بھی شدید بارشوں کی وجہ سے اور اراضی کا کھسکنا نا تھمنے کی وجہ سے کوئی بھی بحالی کام نہیںہو سکا ۔ گول کا واحد رابطہ سڑک جو گول کو ضلع صدر مقام رام بن کے ساتھ ملاتا ہے مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے جبکہ بجلی سپلائی جو گول و ملحقہ جات کو 33کے وی لائن کے ذریعے سے آتا ہے اس کو بھی اس اراضی کھسکنے کی وجہ سے کافی زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ اگر چہ بجلی بحال کرنے میں محکمہ بجلی نے انتھک کوشش کی لیکن بارشوں کا نہ تھمنا کام کوپائے تکمیل تک پہنچانے میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے ۔ سڑک رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے گول کے لوگ اب مہور ۔ریاسی سے جموں کا سفر کرنے پر مجبو رہیںجہاں سے سڑک کی حالت ابتر ہونے کی وجہ سے یہ سفر جانوں کو جوکھم میں ڈالنے کے مترادف ہے ۔ وہیں اگر یہی صورتحال رہی تو غذائی اجناس ، سبزی ، مرغ و دیگر اشیاضررویہ کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہو سکتا ہے ۔ اگر چہ جموں سرینگر ریل لائن بانہال سے سنگلدان تک بحال کرنے میں کافی آسانیاں پیدا ہوئی ہیں اگر کسی بیمار کو یا کوئی ضروری کام ہوتو جموں کے بجائے زیادہ تر لوگ اب وادی کا رُخ کرتے ہیں جو سب ڈویژن گول کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں کے لوگوں کو بھی جس میں بشمول مہور گلاب گڑھ شامل ہیں ان کو کافی آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔وہیں گول عوام کے لئے ایندھن کی شدید قلت کی وجہ سے بھی ایک بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوا ہے جس وجہ سے گاڑیوں کے لئے ایندھن لانا بھی اب مشکل بن چکا ہے ۔ پہلے لوگ رام بن ایندھن لاتے تھے لیکن اب وہ راستہ بھی بند ہو چکا ہے جس وجہ سے عوام کافی پریشان ہیں ۔ گول میں واحد پیٹرول پمپ جو سالہا سال سے بند پڑا ہے اگر چہ کئی مرتبہ انتظامیہ نے نوٹس بھی نکالا لیکن یہاں پر ایندھن دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے حالیہ دنوں اس پمپ کو انتظامیہ نے سربمہر کر دیا ۔ لیکن پمپ کو سربمہر کرنے سے عوامی مسائل حل نہیں ہوئے انتظامیہ کو چاہئے کہ اس مسئلے کا جلد از جلد حل نکالا جائے کیونکہ گول سب ڈویژن میں نہ صرف گاڑیوں کے لئے بلکہ ضروری سروس جس میں ہسپتال، بنک وغیرہ شامل ہیں جہاں پر بجلی کاہونا از حد ضروری ہے لیکن بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں لوگ ہر روز در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ایسی ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لئے پہلے سے ہی تیار رہنا چاہئے تا کہ عوام کو زیادہ مشکلا ت کا سامنا نا کرنا پڑے ۔