ہند وپاک کیلئے آسٹریلیا میزبانی کیلئے تیار:سی اے

یو این آئی

 

سڈنی// کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) نے کہا کہ اگر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے پر راضی ہوتے ہیں تو وہ میزبانی کے لیے تیار ہے ۔ سی اے کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلی نے بدھ کے روزہند۔ پاک میچ کے حوالے سے اپنی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، [؟]2022 میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں پاک ہند میچ کا انعقاد اس گراؤنڈ کے سب سے یادگار لمحات میں سے ایک تھا۔ اب بہت سے لوگ اس مقابلے کھ پھر سے گواہ بننا چاہتے ہیں۔ اگر ایسا موقع آیا تو ہم اس موقع کو بخوشی قبول کریں گے ۔

 

اگر ہم اس میں کوئی کردار ادا کر سکتے ہیں تو ہم وہ کردار ادا کرنے کو بھی تیار ہیں۔ ہم اس موسم گرما میں پاکستان اور ہندستان کی میزبانی کے لیے پرجوش ہیں۔ منگل کو سی اے کے شیڈولنگ ہیڈ پیٹر روچ نے کہا تھا کہ اگر ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹ بورڈ چاہیں تو وہ سہ رخی سیریز بھی منعقد کر سکتے ہیں، جس میں ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ تیسری ٹیم میزبان آسٹریلیا ہو۔ پاکستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے نومبر میں آسٹریلیا آئے گی۔ آسٹریلیا کو اس سیریز کے ختم ہونے کے صرف چار دن بعد 22 نومبر سے ہندستان کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے جس کی تیاری کے لیے ہندستانی ٹیم پہلے ہی آسٹریلیا پہنچ چکی ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 2012-13 سے کوئی دو طرفہ مقابلہ نہیں ہوا ہے اور دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس اور ایشیا کپ میں آمنے سامنے ہوئی ہیں۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ نے 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران ہند پاک میچ کا اہتمام کیا تھا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے ریکارڈ 90 ہزار 293 ناظرین پہنچے تھے ۔